پولیس اہلکار ریاست پاکستان کے ملازم ہیں اہلکار تشدد کا ہاتھ روکیں ، وزیر داخلہ چوہدری نثار

بدھ 13 اگست 2014 18:38

پولیس اہلکار ریاست پاکستان کے ملازم ہیں اہلکار تشدد کا ہاتھ روکیں ، ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13اگست 2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار ریاست پاکستان کے ملازم ہیں  پولیس اہلکار تشدد کا ہاتھ روکیں  پاکستان کے آئین و قانون کا تحفظ کریں۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ روز پولیس لائن میں افسران اور جوانوں کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اسلام آبا دپولیس کو پاکستان کی بہترین پولیس بنایا جائے جس کے لیے انہوں نے بہترین راہنمائی فراہم کرنے والے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل اچھے پولیس افسران کا انتخاب کیا اور یہ چناؤ خالصتاً کارکردگی کی بنیادپرکیا گیا ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آبا دپولیس کو وسائل کے لحاظ سے ابھی اور بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد پولیس کسی قسم کی سیاسی مداخلت سے بالاتر ہے اور پولیس سے سفارش کا کلچر ختم کرتے ہوئے اس کو میرٹ پر فیصلے لینے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔وزیر داخلہ نے پولیس کی دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست پاکستان کے ملازم ہیں اور ہماری اقدار اور جمہوری نظام کے دفاع کے لیے کمر بستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ چند عناصر آج یہ کہہ رہے ہیں کہ اگرکوئی پولیس والا روکے تو اس کا ہاتھ توڑ دو۔

قانون کے محافظوں کیخلاف اس قسم کے فتوے انتہائی غیر مناسب، غیر ذمہ دارانہ اور غیر قانونی ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ پاکستان کو عراق‘صومالیہ یالیبیا بننے کی اجازت ہر گز نہیں دے سکتے۔اگر آج کسی پر تشدد ہجوم کو دھاوا بولنے کی اجازت دے دی گئی تو پھر ہر چند مہینے بعد کوئی اور پرتشدد گرہ یا ہجوم ریاست کی عمل داری کو چیلنج کرسکتا ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

انہوں نے پولیس سے کہا کہ وہ تشدد کا ہاتھ روکیں اور پاکستان کے آئین و قانون کا تحفظ کریں۔اس سے پہلے آئی جی اسلام آبادنے استقبالیہ کلمات میں وزیر داخلہ کی اسلام آباد پولیس کو بہترین سہولیات دینے کی کوششوں پر ان کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ اسلام آباد پولیس امن وامان کے قیام کے لیے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے۔