نواز شریف کی سربراہی میں ن لیگ کااجلاس، معاملات کو افہام و تفہیم سے سلجھانے پر اتفاق

اتوار 17 اگست 2014 16:19

نواز شریف کی سربراہی میں ن لیگ کااجلاس، معاملات کو افہام و تفہیم سے ..

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اگست۔2014ء) وزیر اعظم نواز شریف کی مشاورتی ملاقات میں آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کی قیادت کے ساتھ معاملات کو افہام و تفہیم سے سلجھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ خورشید شاہ اور سراج الحق کے رابطوں کے نتائج کو حتمی فیصلے میں سامنے رکھا جائے گا۔رائے ونڈ لاہور میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنماوں سے اسلام آباد کی صورتحال پر مشاورت کی ہے ۔

مشاورتی ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، حمزہ شہباز اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے سینئر قریبی رہنما شریک ہوئے ۔ مشاورت میں آزادی اور انقلاب مارچ اور اسلام آباد میں جاری دھرنوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ حکومتی آپشنز بھی اس ملاقات میں زیر غور ائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مشاورت میں طے کیا گیا کہ حتمی فیصلہ کرتے وقت اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اورامیر جماعت اسلامی سراج الحق کے رابطوں کے نتائج کو سامنے رکھا جائے گا جبکہ گورنر پنجاب اور گورنر سندھ کی کاوشوں کے نتیجے میں سامنے آنے والی تجاویز کا بھی جائزہ لیکر حکومتی آپشنز فائنل کیے جائیں گے ۔

مشاورتی ملاقات میں یہ امر کھل کر سامنے آیا ہے کہ حکومت معاملات کو افہام تفہیم سے سلجھانا چاہتی ہے ۔ذرائع کے مطابق پارٹی نے رہنمائوں نے مشاورتی ملاقات کے بعد بتایا کہ وزیر اعظم نے مشورہ سب سے کر لیا ہے مگر حتمی فیصلہ اسلام آباد جا کر کریں گے اور وفاقی وزراء کی قریبی ٹیم سے بھی مشاورت کی جائے گی۔