Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا چلڈرن ہسپتال کا پہلا دورہ،ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح،نیا آئی سی یونٹ بنانے کا اعلان

پیر 29 اپریل 2024 19:59

وزیراعلیٰ پنجاب کا چلڈرن ہسپتال کا پہلا دورہ،ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح،نیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چلڈرن ہسپتال لاہورکا دورہ کیا اور ہسپتال میں کڈز ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا۔ چلڈرن ہسپتال میں نیا آئی سی یو یونٹ بنا نے کا اعلان کیا اور فنڈز کے اجرا ء اور جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں چلڈرن ہسپتال بنانے اور چلڈرن ہسپتال لاہور سے لنک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وزرا کو چلڈرن ہسپتال کا متواتر وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اسلامک (ایڈ) یو کے اوریونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسزکے درمیان کالج بلاک کے قیام کے لیے ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، وی سی ڈاکٹر مسعود صادق اور چیئرمین اسلامک (ایڈ) محمودالحسن نے ایم او یو پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسلامک (ایڈ) یو کے اشتراک پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈے کئیر سنٹر کا دورہ کیا اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر بچوں کو پیار کیا اور پھول پیش کئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈے کیئر سینٹر کے سٹاف کو بچوں کا بہت خیال رکھنے کی ہدایت کی اور سٹاف کے ساتھ تصویر بھی بنوائی ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے چلڈرن اینڈوکرنالوجی وارڈ اور نومولود بچوں کے وارڈ کا بھی دورہ کیا اور والدین سے بات چیت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ننھے بچوں کو پیار کیا، جلد صحت یابی کی دعائیں کی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے مریض بچوں کے والدین سے ملاقات کی اور ایم ایس کو مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں کے والدین سے طبی سہولتوں اورمفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں استفسار کیا۔

مریض بچے کی والدہ نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملنے کا بہت شوق تھا،آج بہت خوش ہوں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈاکٹر اور نرسوں سے بھی بات چیت کی اور انکی تجاویز سنیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت پرعزم ہے۔ دور دراز علاقے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹر کی کمی پوری کی جائے۔

ایک ایک پیسہ قوم کی امانت ہے،علاج کی بہترین سہولتوں پر خرچ کریں گے۔ ہر ڈسٹرکٹ میں عوام کیلئے بہترین ہسپتال بناناچاہتے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کالج بلاک میں میڈیکل سٹوڈنٹس کو چلڈرن ہیلتھ سے متعلق تعلیم اور ریسرچ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرخواجہ عمران نذیر،صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلیمان رفیق، ایم پی اے ثانیہ عاشق،ڈاکٹر عدنان خان،سیکرٹری ہیلتھ علی جان،سیکرٹری انفارمیشن احمد عزیز تارڑ،وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق،چیئرمین اسلامک (ایڈ) لندن محمود الحسن اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات