رواں ماہ کے دوران چوتھی مرتبہ ملک میں گیس کے نئے ذخائر دریافت

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے صوبہ سندھ کے ضلع سجاول میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لئے

muhammad ali محمد علی پیر 29 اپریل 2024 19:57

رواں ماہ کے دوران چوتھی مرتبہ ملک میں گیس کے نئے ذخائر دریافت
سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2024ء) رواں ماہ کے دوران چوتھی مرتبہ ملک میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے صوبہ سندھ کے ضلع سجاول میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق نور ویسٹ بلاک نمبر 1 میں واقع ویل کی اوجی ڈی سی ایل واحد آپریٹر ہے۔

نور ویسٹ بلاک نمبر 1 کے ڈھانچے کو 2975 میٹر کی گہرائی تک او جی ڈی سی ایل کی اندرون ملک مہارت کا استعمال کرتے ہوئے ڈرل اور ٹیسٹ کیا گیا۔ لوئر گورو فارمیشن ('A' سینڈ) سے 150 پاؤنڈ فی مربع انچ (پی ایس آئی) کے کنویں کے بہاؤ کے دباؤ پر 32/64"چوک کے ذریعے 1.24 ملین مکعب فٹ یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس کا تجربہ کیا گیا۔واضع رہے مذکورہ دریافت کو ٹائٹ گیس کے طور پر جانچا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران اس سے قبل توانائی کے ذخائر کی دریافت کے سلسلے میں 3 کامیابی حاصل کی جا چکیں۔ 8 اپریل کو صوبہ سندھ میں سجاول میں او جی ڈی سی ایل نے کنویں کی کھدائی کے دوران گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کیا، 12 لاکھ 40 ہزار اسٹینڈرڈ کیوبک میٹر گیس کا ذخیرہ سجاول میں ملا۔ پھر 18 اپریل کو ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے ماری غازیج سندھ میں گیس دریافت کی۔

ماڑی پیٹرولیم کے مطابق گیس کا کنواں ماڑی غازج فارمیشن فیلڈ میں دریافت ہوا۔ ماڑی پٹرولیم نے 1483 میٹرتک کھدائی کے بعد گیس دریافت کی۔ بتایا گیا کہ کنوئیں سے یومیہ ساڑھے10ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل کی جاسکے گی۔پوسٹ ایسڈ گیس کا بہاوٴ یومیہ10.5ایم ایم سی ایف ڈی تک ہوگا۔ اس کے بعد 22 اپریل کو ماڑی پیٹرولیم نے ہی صوبہ سندھ میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کیا۔

نئے ذخائر کی دریافت کو انجینئرز اور سائنسدانوں کی بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔ ماڑی پیٹرولیم کو 47 سال میں پہلی بار تیل کا ذخیرہ دریافت ہوا، تیل و گیس کا ذخیرہ سندھ میں ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی میں شوال ون کنویں سے دریافت ہوا، اس فیلڈ پر 27 جنوری 2024ء سے کام کا آغاز ہوا، کنویں کو1 ہزار 136 میٹر کی گہرائی تک کامیابی سے کھودا گیا، کنویں سے 2.5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس حاصل ہوگی، اس کے علاوہ کنویں سے 1040 بیرل یومیہ خام تیل بھی حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :