کراچی،5سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود صنعت نہ لگانے والے پلاٹ کینسل کردیئے جائیں ،صوبائی وزیر روٴف صدیقی

منگل 26 اگست 2014 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) صوبائی وزیرِ صنعت و تجارت /چیئرمین سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن رؤف صدیقی نے سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اسمال انڈسٹریل اسٹیٹس ناردرن بائی پاس، کراچی کے جن پلاٹوں کی الاٹمنٹ کو پانچ برسوں یا مقررہ میعاد سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے ، اگر اب تک ان پلاٹوں پر صنعت نہیں لگائی گئی یا ان کی مکمل ادائیگی نہیں ہوئی، انہیں فی الفور کینسل کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس/پارکس میں تمام سہولیات کی موجودگی کے باوجود ان پلاٹوں پر مالکان کی جانب سے کوئی صنعت نہ لگانے کے باعث صنعت لگانے والے ان لوگوں کی حق تلفی ہو رہی ہے جو ان اسٹیٹس/پارکس میں صنعت لگانے کے خواہشمند ہیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا ایسے تمام پلاٹوں کی کینسلیشن کا فوری نوٹس جاری کیا جائے۔اس موقع پر سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے تمام سینئر افسران موجود تھے۔

صوبائی وزیرِ صنعت و تجارت /چیئرمین سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن رؤف صدیقی نے کارپوریشن کے اکاؤنٹس، انجینئرنگ اور آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہنگامی بنیادوں پر کمپیوٹرائزڈ کرنے کے احکامات جاری کئے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام ملازمین کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈکرنے اور ملازمین کے اسناد کی جانچ پڑتال کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی اسناد کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :