پاکستانی سرحدوں پر بھارتی گولہ باری اور بھارت کی آبی جارحیت کیخلاف وکلاء ،سول سوسائٹی کے ارکان اور شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 28 اگست 2014 17:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) پاکستانی سرحدوں پر بھارتی گولہ باری اور بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف جی پی او چوک مال روڈ پر وکلاء ،سول سوسائٹی کے ارکان اور شہریوں کا زبردست مظاہرہ ،بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی،حکومت سے فوری ایکشن لینے اور بھارت کو دو ٹوک جواب دینے کا مطالبہ،شرکاء افواج پاکستان کی حمایت میں بھی نعرے لگاتے رہے ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جی پی او چوک لاہور میں وکلاء تنظیموں حرمت رسولﷺ لائرز موومنٹ،الامة لائرز فورم،الدعوة لائرز فورم کے زیر اہتمام بھارتی سرحدی اور آبی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔

مظاہرے سے وکلاء رہنماؤں جمیل احمد فیضی،رانا عبدالحفیظ،چوہدری عبدالرؤف اور تحریک حرمت رسول ﷺکے رہنما علی عمران شاہین نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ ہمارے سیاستدان ملک کی سلامتی کو بھلا کر اقتدار کے کھیل میں مصروف ہیں جبکہ بھارت سرحدوں پر گولہ باری اور فائرنگ کر کے شہریوں کو شہید اور زخمی کر رہا ہے ۔سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کے علاوہ کنٹرول لائن پر بھی شہریوں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے جبکہ بھارت نے سرحد پر بھاری اسلحہ بھی پہنچانا شروع کر رکھا ہے جس کا صاف مطلب ہے کہ بھارت ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتا ہے ۔

بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے حوالہ سے جاری مذاکرات میں ہٹ دھرمی دکھائی ہے اور اس نے کشن گنگا ڈیم سمیت چناب پر بھی ڈیموں کی تعمیر اور پاکستان کا پانی بند کرنے والے منصوبوں میں معمولی ردوبدل سے بھی انکار کر دیا ہے یہ صورتحال انتہائی پریشان کن ہے ۔ بھارت پاکستان کو صحرا میں تبدیل کرنے میں مصروف ہے اور ہمارے سیاستدان اور حکمران صرف حکومت حاصل کرنے یا بچانے کے کھیل میں مصروف ہیں ۔ہمیں سب سے پہلے پاکستان کو بچانا اور بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :