لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں، مختلف حادثات میں24افراد جاں بحق

جمعرات 4 ستمبر 2014 11:43

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں، مختلف حادثات میں24افراد ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4ستمبر 2014ء) پنجاب کے مخلتف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 24 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ لاہور میں گزشتہ شام سے شروع ہونے والی شدید بارش کے باعث چاہ میراں میں 2 منزلہ مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین اور ایک بچی سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو خواجہ کوٹ سعید اسپتال منتقل کیا۔ لاہور ہی کے جی آر ا ٹو میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جب کہ جوہر ٹاؤن میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔ لاہور کے علاقے مزنگ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد ملبے تلے دب گئے۔

(جاری ہے)

لاہور کے علاقے سبزازار میں دکان کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، گارڈن ٹاؤن میں بھی کرنٹ لگنے کے باعث ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

شدید بارش کے باعث گلبرگ، سمن آباد، گلشن راوی، لکشمی چوک سمیت درجنوں علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ شدید بارش کے باعث بجلی اور ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک لاہور میں 170 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

سیالکوٹ میں بھی شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جب کہ سیوریج کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔

سیالکوٹ کے علاقوں گرین ٹاؤن اور گودھ پور میں چھتیں گرنے سے 4 افراد افراد جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے۔ میانوالی، اوکاڑی، فیصل آباد اور سمندری میں بھی چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔ کامونکی میں بھی کسوکی روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ ڈسکہ میں کرنٹ لگنے سے 16 سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی۔

نارووال کے علاقے چندووال میں بھی مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق جب کہ والدین زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ 2 سے 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے جس کی وجہ سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں سیلاب جب کہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے شدید بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والوں کے لئے 5،5 لاکھ روپے جب کہ شدید زخمیوں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :