بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں اور زمینداروں کے کاروبار اور ٹرانسپورٹ کو کراچی میں تحفظ فراہم کیا جائے، میرنواب مینگل

جمعرات 18 ستمبر 2014 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) بلوچستان سے سبزی اور فروٹ لے کر کراچی آنے والی گاڑیوں کو اغواء کیا جا رہا ، کراچی پولیس اور ٹریفک پولیس نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، سبزی منڈی ، فروٹ منڈی کے قیام کو 11سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، تمام بنیادی سہولیات اور گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی جگہ فراہم کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر ہاؤس کراچی میں ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے منعقد اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ اس اجلاس کی صدارت ایڈیشنل کمشنر کراچی ڈویثرن حاجی احمد نے کی۔ جس میں پولیس، ٹریفک پولیس، KMCاور NHAکے افسران ، جبکہ ٹرانسپورٹروں کی جانب سے سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے مرکزی چیئرمین کیپٹن (ر) آصف محمود ، آل پاکستان مزدا ٹرک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایش کے مرکزی چیئرمین میرنواب مینگل، اسماعیل محمد حسنی، میر منظور زہری، محمد اسلم گرگناڑی، حنیف خان مروت، باز محمد آفریدی، عبدالستار محمد حسنی، میر بابو جان رئیسانی ، حاجی عبدالرؤف خان نیازی، سلیم قمر الدین، فیصل محمد حسنی اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹروں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سبزی منڈی، فروٹ منڈی اور نادرن بائی پاس کے قیام کو 11سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں ، سہراب گوٹھ سے سبزی منڈی تک سروس روڈ اور ہائی وے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، سبزی منڈی میں صفائی کا فقدان ہے، نادرن بائی پاس پر دن میں پولیس ، جب کہ رات کو ڈاکوبلوچستان سے آنے والی گاڑیوں سے لوٹ مار میں مصروف ہیں۔

نادرن بائی پاس پر ٹراما سینٹر اور سبزی منڈی پر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈسپنسری قائم کی جائے ، کراچی پولیس اور ٹریفک پولیس کی لوٹ مار سے نجات دلائی جائے۔ سپرہائی وے سے سبزی منڈی کے لئے یوٹرن (کٹ) بنایا جائے ، لیاری ایکسپریس وے سبزی اور فروٹ لے کر جانے والی LTV(مزدا ٹرک) گاڑیوں کو استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ سبزی منڈی پر گاڑیوں کے لئے پارکنگ اسٹینڈ بنایا جائے، سبزی منڈی پر ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی سہولت فراہم کی جائے، ٹریفک چالان جرمانوں پر نظرثانی کی جائے۔

ایڈیشنل کمشنر کراچی حاجی احمد نے ٹرانسپورٹروں کے مسائل انتہائی تحمل سے سننے کے بعد ٹرانسپورٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو سہولیات اور تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، آپ نشاندہی کریں، ہم آپ کے تمام مسائل حل کریں گے۔ سبزی منڈی کے لئے یوٹرن (کٹ) جلد تعمیر کیا جائے گا، سبزی منڈی میں صفائی ستھرائی کا کام روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، سبزی منڈی اور باہر روڈ پرٹرانسپورٹرز اور گڈز اونرزکو تحفظ فراہم کرنے کے لئے جلد CPLCکے تعاون سے CCTVکیمرے لگائے جائیں گے، ٹرانسپورٹروں کے کانوائے سسٹم اچھا اقدام ہے، پولیس اور انتطامیہ مل کر کانوائے اور ٹرانسپورٹروں کو تحفظ فراہم کریں گے، ٹرانسپورٹروں اور زمینداروں کے تمام مطالبات جائز ہیں ، ان کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :