کراچی میں جے یوآئی ف کے رہنما مولاناساجداللہ اور مولانامسعود کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات قابل مذمت ہیں، الطاف حسین

بدھ 8 اکتوبر 2014 15:39

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 8اکتوبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولاناساجداللہ اور مولانامسعود کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی شدیدمذمت کی ہے اوراس واقعہ کو شہرمیں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکا نے کی گھناؤنی سازش کاحصہ قراردیاہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ بعض امن دشمن عناصرسوچی سمجھی سازش کے تحت شہرمیں فرقہ وارانہ قتل کے واقعات کرر ہے ہیں تاکہ عوام کوفقہ اورمسلک کی بنیادپرآپس میں لڑایاجائے۔

انہوں نے کہاکہ عوام فقہ اورمسلک کی بنیادپر آپس میں لڑنانہیں چاہتے بلکہ وہ آپس میں ملکررہ رہے ہیں، عوام ” لکم دینکم ولی الدین“ پریقین رکھتے ہیں کہ سب اپنے اپنے فقہ اورمسلک پر قائم رہیں اوردوسروں کے عقائدکااحترام کریں۔ الطاف حسین نے مولاناساجداللہ اور مولانامسعودکے سوگوارلواحقین اوران کی جماعتوں کے قائدین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ا نہیں اپنی جواررحمت میں جگہ دے۔