اٹھارہ اکتوبر کا جلسہ پاکستان میں ایک نئی تاریخ رقم کریگا  چوہدری عبد المجید

مسئلہ کشمیر بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حل ہوگا  وفود سے گفتگو

اتوار 12 اکتوبر 2014 16:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔2 1اکتوبر 2014ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ 18اکتوبر کا جلسہ نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے جس طرح کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کیا ہے وہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے اس قول کا تسلسل ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر کے لیے ایک ہزار سال تک جنگ لڑیں گے۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے کراچی ڈویثرن کے عہدیداران اور مختلف مکاتب فکر کے وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان سے جو عقیدت رکھتے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی 18اکتوبر کے جلسے میں کشمیریوں کی بڑی تعداد شریک ہو کر اس بات کا اظہار کرے گی کہ پاکستان کا مستقبل بلاول بھٹو زرداری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی گیدڑ بھبکیوں کے جواب میں پاکستان نے جس طرح مسئلہ کشمیر پر دلیرانہ موقف اختیار کیا اس سے بھارت کے ایوانوں پر لرزہ طاری ہے۔بھارت کی جانب سے ورکنگ باونڈری اور ایل ۔او۔سی پر بلا اشتعال گولہ باری کا اقوام عالم کو نوٹس لینا چاہیے۔مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے اور اگر اقوام عالم نے خطے میں کشیدہ صورتحال کا نوٹس نہ لیا تو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے خطرات کا شکار ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حل ہوگا۔ کیونکہ بلاول بھٹو زرداری میں ذوالفقار علی بھٹو کی شخصیت جھلکتی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کو اسوقت بلاول جیسی قیادت کی ضرورت ہے جنہوں نے کم عمری میں ہی سیاست میں بڑا مقام حاصل کر لیا ہے۔