مڈٹرم الیکشن آبھی گئے تو الیکشن کمیشن اس کے لیے تیار نہیں ۔حلیم عادل شیخ

پیر 13 اکتوبر 2014 17:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے اس وقت انتخابی اصلاحات کا عمل تیزی سے حل کرنا چاہیے۔ملک میں بدلتے ہوئے سیاسی حالات میں ایسا لگتا ہے کہ انتخابات2015کے اختتام سے پہلے ہوجائیں گے۔ اگر ملک میں مڈٹرم الیکشن آبھی گئے تو الیکشن کمیشن ایسا کرنے کے لیے بلکل تیار نہیں نظر آتا ،کیونکہ 2013کے الیکشن کے بارے میں اتنی شکایات ہیں کہ ان کو نئے انتخابات سے پہلے رفع دفع کرنا بہت ضروری ہے ۔

چیف الیکشن کمیشنر کا عہدہ خالی ہوئے کافی عرصہ بیت چکا ہے لیکن حکومت سپریم کورٹ کے مختلف ججوں کو قائم مقام چیف الیکشن کمشنر بناکرگزارہ کررہی ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اپوزیشن کے مشورے کے بعد ایسا چیف الیکشن کمشنر مقرر کرے جس میں نا صرف اپنے فرائض انجام دینے کی صلاحیت ہو بلکہ اسے تمام سیاسی جماعتوں کا اعتماد بھی حاصل ہو،اسقدر دیر ہوجانے سے یہ ہی مطلب اخز کیا جاسکتا ہے کہ اس بار بھی حکومت اپنی مرضی کا بندہ ڈھونڈنے میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم قائم مقام تقرریاں کرکے گزارہ کررہے ہیں تاکہ مستقل تقرریوں کا آپشن ان کے پاس رہے۔نواز حکومت کا مسئلہ یہ ہے کہ یا تو وہ قائم مقام تقرریاں کرتے ہیں یا ریاستی اداروں میں ذاتی عہدے بھرے جاتے ہیں اس سے اداروں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ آج کل انتخابی عمل پربہت توجہ دی جارہی ہے اس کے لیے انتخابی عمل میں جو ضروری اصلاحات ہے وہ ہونا لازم ہوچکا ہے جس کے لیے ایک موثر چیف الیکشن کمشنر کی تقرری باہمی مشورے سے ہونا بہت ضروری ہے جو کہ اس وقت ایک آئینی تقاضا بھی ہے ۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ گزشتہ انتخابات سے سبق سیکھتے ہوئے انتخابی اصلاحات کی جائیں اور نئے انتخابات کی تیاری کی جائے کیونکہ حکومت نے جس دن سے اقتدار پر ناجائز قبضہ کیا ہے اس دن سے ہی ملک کا سارانظام درھم برھم ہے دھاندلی سے منتخب ہونے والی ن لیگ نے عوام کو ناکوں چنے چبوادیئے ہیں۔یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے چھوٹے سے چھوٹے منصوبے میں بھی اپنا جیب خرچ نکال رکھا ہے وہ بھلا قوم کو کیا ترقی دے سکتے ہیں جو قومی خزانے کو اپنے ٹھاٹ بات کے لیے حلال سمجھتے ہو،انہوں نے مزید کہا کہ ملکی اداروں میں بگاڑ کی بڑی وجہ بھاری رشوت لیکر لگائے گئے افسران ہیں جو کسی بیوہ کے کام کو بھی یہ کہہ کر سرانجام دیتے ہیں کہ ماں جی پہلے چائے پانی کا بندوبست کروبعد میں آپ کا کام کرینگے ۔

یہ بات انہوں نے مسلم لیگ سندھ کے لائر ونگ کے وفد سے صوبائی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے کہیں۔

متعلقہ عنوان :