تبدیلی کا آغاز ہو چکا،سول نافرمانی عمران کا فیصلہ، دھرنے پر سرکاری خرچ نہیں کیا: پرویز خٹک

بدھ 22 اکتوبر 2014 22:54

تبدیلی کا آغاز ہو چکا،سول نافرمانی عمران کا فیصلہ، دھرنے پر سرکاری ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر۔2014ء) وزیر اعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ دھرنوں پر کوئی سرکاری اخراجات نہیں کئے گئے، ہم نے تو انتخابات میں بھی شفافیت کو برقرار رکھا اور کوئی وسائل استعمال نہیں کئے، میں چیلنج کرتا ہوں کہ کسی کے پاس بھی ثبوت ہیں تو کرپشن ثابت کر کے میرا احتساب کردیں۔اگر کسی کو دھاندلی کی شکایت ہے تو میں نئے انتخابات کروانے پر بھی تیار ہوں۔

نجی نیوز چینل کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں تبدیلی کے سفر کا آغاز کر چکے ہیں اور سب سے پہلے پولیس کو غیر سیاسی کر رہے ہیں، امن و امان کی صورتحال پچھلے سالوں کی نسبت بہت بہتر کر دی گئی ہے، میٹرو بس منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں اور جو منصوبہ پنجاب میں 60ارب روپے کا بنایا گیا ہم وہ منصوبہ 14 ارب کا بنائیں گے، بلدیاتی انتخابات پر بھی قانون سازی کر کے ہم نے اپنا کام مکمل کر دیا ہے، اب اگلا کام کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک کا فیصلہ عمران خان کا تھا، وہ اپنی پارٹی کو جو چاہیں حکم دے سکتے ہیں لیکن خیبر پختونخواہ کی حکومت سول نافرمانی کی تحریک پر عمل نہیں کر رہی،ہمارے تمام وزراءاور حکومتی عہدیدار اس پر عمل نہیں کر رہے، پارٹی کی سطح پر اس ضرور عمل ہو رہا ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ صوبے کے کم از کم 2 سو ارب روپے وفاقی حکومت کی طرف واجب الادا ہیں ، جو کہ ادا نہیں کئے جا رہے ہیں ، وفاقی سے بار بار مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں ہمارے بقایاجات ادا کئے جائیں تا کہ ہم لوگوں کی بہتری پر کام کر سکیں ، خیبر پختونخواہ میں ہمیں مسائل کا سامنا ہے اور ان کے حل کے لئے پیسوں کی ضرورت ہو گی۔

مولانا فضل الرحمان کی طرف آزادی مارچ میں ان کے رقص سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان جب ایسا جلسہ کریں گے تو وہ خودبھی ناچیں گے۔

متعلقہ عنوان :