بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ، کراچی کے ساحلوں پر دفعہ 144 نافذ

پیر 27 اکتوبر 2014 22:11

بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 اکتوبر۔2014ء) بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے جس کے بعد کراچی کے ساحلوں پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ سے جمعے کے دوران پاکستان کے ساحل کے ساتھ سمندر کی سطح تلاطم خیز رہے گی۔

(جاری ہے)

اس دوران سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر سمندر میں نہ جائیں جبکہ پہلے سے موجود ماہی گیر بھی بدھ تک واپس آجائیں جبکہ اس دوران کراچی سمیت زیریں سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید سمندری طوفان گوادر سے 1120 اور کراچی سے 1200 کلومیٹر دور ہے جو کہ 24 سے 36 گھنٹوں میں 8 کلومیٹر کی رفتار سے عمان کی جانب بڑھے گا جس کے بعد سمندری طوفان کا رخ بھارتی گجرات اور سندھ کی طرف مڑنے کا امکان ہے۔ دوسری طرف کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے سمندری طوفان کے پیش نظر ساحل سمندر پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ساحل سمندر کو بند کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ساحل کو رات سے بند کرنے کے احکامات ملے ہیں جس کے مطابق شہریوں کے لئے ساحل 2 روز کے لئے بند رہے گا۔

متعلقہ عنوان :