وفاقی وزراء کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ، ریلوے ، پی آئی اے، سٹیل مل تباہی کے دھانے پر جا پہنچے ہیں ‘ اعجاز چوہدری

ہفتہ 1 نومبر 2014 20:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ، ریلوے ، پی آئی اے، سٹیل مل تباہی کے دھانے پر جا پہنچے ہیں حکمران میرٹ کا قتل عام کر رہے ہیں بڑے بڑے اداروں میں حکمران اپنے چہیتوں کو نواز رہے ہیں، (ن) لیگ نے اپنے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا ، ملک پر شریف خاندان کے صرف پانچ افراد کی حکومت ہے کرپشن اور لوٹ مار ملک میں انتہا تک پہنچ چکی ہے شریف بادشاہت سے غریب عوام سخت تنگ آ چکے ہیں ، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دھرنوں کی وجہ سے حکمران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے پر مجبور ہوئے ہیں اس حکومت نے غریب عوام پر احسان نہیں کیا کیونکہ عالمی سطح ُپر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نچلی سطح تک گر چکی ہیں ،حکومت ابھی بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں زیادہ وصول کر رہی ہے مزید پندرہ روپے فی لیٹر عوام کو ریلیف دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

اعجاز چوہدری نے کہا کہ گذشتہ پانچ ماہ سے پٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ کر کے حکومت نے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی کی ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد روز مرہ استعمال کی اشیاء سمیت ٹرانسپوٹ اور ریلوے کے کرایوں میں فوری طور پر حکومت کمی کو یقینی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت گیارہ کروڑ فاقہ کش اور اقتصادی طور پر تباہ حال لوگوں کی بھوک ننگ مٹانے کے لئے ابھی تک کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں بنا سکی اور نہ ہی عام آدمی کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی لا سکی ہے ،دھاندلی کی پیداوار حکومت نہ تو ملک سے کرپشن ختم کر سکتی ہے اور نہ ہی غریب عوام کے لئے کچھ کر سکتی ہے، لہذا انہیں پاکستان کی عوام پر حکمرانی کرنے کا کوئی اختیار نہیں ، 30نومبر کو اسلام آباد میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی عوام عمران خان کی کال پرپہنچیں گے۔