پاکستان کا چین سے قومی شاہراہوں کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا،گوادر ٹورتوڈیرو قومی شاہراہ M8پر کام آگے بڑھ سکے گا؟،رپورٹ

پیر 10 نومبر 2014 19:59

پاکستان کا چین سے قومی شاہراہوں کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا،گوادر ٹورتوڈیرو ..

کرخ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر 2014ء ) پاکستان کے چین سے قومی شاہراہوں کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا،کیاگوادر ٹورتوڈیرو قومی شاہراہ M8پر کام آگے بڑھ سکے گا جو14سال سے التوا کا شکار ہے ،این ایچ اے کے ادنیٰ اہلکار سے لیکر تین دور حکومتوں کے وزراء تک نے اس قومی شاہراہ کی تعمیر کو بہتی گنگا سمجھ کر اس سے اپنے ہاتھ خوب دھوتے رہے جبکہ شاہراہ کی تعمیرچند قدم بھی آگے نہیں بڑھ سکی۔

تفصیلات کے مطابق 2003سے گوادر ٹورتوڈیرو قومی شاہراہ کی تعمیر کا آغاز ہوچکاہے ، جن کے تین سیکشن ، کھوڑی تاونگو ، کوہ دامن ونگو، ونگو ٹو قبو سید خان تک تعمیر کو چند سال میں مکمل کرنا تھا، یہ شاہراہ 66کروڑروپے سے ٹینڈر ہوکرآج یہ منصوبہ اربوں روپے تک جاپہنچا ہے تاہم اس کی تعمیر صحیح معنوں میں چند کلو میٹر تک بھی نہیں پہنچ پایا ہے ۔

(جاری ہے)

پہلے اس منصوبے کو 2007میں مکمل ہونا تھا ، اس کے بعد اس کی تاریخ 2010تک چلی گئی ، اور اب 13سال بیت جانے اور یہ منصوبہ اربوں روپوں تک جاپہنچنے کے باوجود تکمیل کا نام نہیں لے رہی ہے ، سرکاری کنٹریکٹرز مبینہ طور پر این ایچ اے کی آشیرباد حاصل کرکے قومی خزانے سے پیسے حاصل کرکے آپس میں بند ربانٹ کرکے اس قومی منصوبے کے ایک حصے تک کوبھی پورا نہیں کرسکے ۔

کبھی کنٹریکٹرز نے اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور بااثر افراد کا سہارا لیاتو کبھی مبینہ طورپر چند آفیسران کے آگے پیسے پھینک کر قومی خزانے سے اربوں روپے نکالتے رہے اور قومی شاہراہ کی تعمیر جوں کا توں رہی۔ حالیہ دنوں میں پی ڈی این ایچ کی ذاتی گاڑی میں اس منصوبے کے لئے آنیوالے ڈیزل کے ڈرم بھر کر اپنے ذاتی گاڑیوں کافیول پورا کرنے کے لئے لیجاتے عام شہریوں نے دیکھا اور اس کی عکس بندی بھی کی ،جب قومی شاہراہ کے منصوبے کا تیل اور دیگر آلات این ایچ اے آفیسران کے لئے استعمال ہوں تو قومی شاہراہ کی تعمیر آگے کیسے بڑھ سکے گی ۔

جبکہ اس حوالے سے بھی تحقیقات کئے جائیں کہ اس شاہراہ کے کٹائی کے لئے آنیوالے بارود مبینہ طورے کہاں جارہے ہیں ، بارود کی برابر مقدار ملنے کے باوجود قومی شاہراہ کے جن حصوں کی کٹائی ہونی تھی وہ کٹائی کیوں نہیں ہورہی ہے ۔ اب چونکہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے چین سے گوادر کے بین الاقوامی شاہراہ کی تعمیر کا جومعاہدہ کیا ہے کیا اس کی صورتحال ویسی رہیگی، وہ بھی این ایچ اے آفیسران کے رحم و کرم پر رہیگی یا اس کی تعمیر ایمانداری کے ساتھ آگے بڑھ سکے گی یہ تو آنیوالا وقت بتائے گاتاہم گوادر ٹور توڈیرو قومی شاہراہ کے سیکشن کھوڑی تاونگونہ صرف اہل بلوچستان بلکہ پورے ملک کے لئے ایک خواب بن کر رہ گیا ہے ،اور شہریوں کا وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ ہے کہ وہ واپڈاطرز کی چھانٹی این ایچ اے میں بھی کردیں تاکہ این ایچ اے آفیسران کے کرپشن کا قلع قمع ہواور قوم کا پیسہ قوم پر خرچ ہو اور قومی منصوبے بروقت و معیاری انداز میں مکمل ہوسکیں ۔

متعلقہ عنوان :