گورنر ہاؤس پشاور کرپشن اور کمیشن کا گڑھ بن چکا ہے،(ن) لیگ ناراض گروپ ،گورنر خیبر پختونخوا اور ن لیگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک سمیت تین کا ٹولہ براہ راست ملوث ہے،عبدالستارخلیل

جمعرات 20 نومبر 2014 18:34

گورنر ہاؤس پشاور کرپشن اور کمیشن کا گڑھ بن چکا ہے،(ن) لیگ ناراض گروپ ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) مسلم لیگ (ن) کے ناراض گروپ پشاورسٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ گورنر ہاؤس پشاور کرپشن اور کمیشن کا گڑھ بن چکا ہے جس میں گورنر خیبر پختونخوا اور ن لیگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک سمیت تین کا ٹولہ براہ راست ملوث ہے ۔ گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ڈسٹرکٹ پشاور کے صدر عبد الستار خلیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے تمام میگا پروجیکٹس مسلم لیگ (ن) کے ٹھیکیدار جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک کو دےئے جا رہے ہیں 26 نومبر کو حیات آباد پشاور گلیکسی ہال میں صوبے بھر کے ناراض کارکنان کا کنونشن منعقد ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا ۔

اگر پارٹی قیادت اورگورنرسردارمہتاب نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا توگورنر ہاؤس کے علاوہ اسلام آباد میں بھی احتجاج شروع کریں گے ۔

(جاری ہے)

گورنر نے اگر کارکنان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے تو کارکن گورنر ہاؤس کی دیواریں پھلانگ کر گورنر کو نکال باہر کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ماروی میمن مشرف کی ٹیم کا حصہ رہی ہے جبکہ اب ان کو ن لیگ میں اعلیٰ عہدہ دیا گیا ہے جو ن لیگ کے کارکنوں کے ساتھ ظلم و زیادتی ہے ان کا کہنا تھا کہ ماروی میمن آئے روز فاٹا کے مختلف علاقوں کے دورے کر رہی ہیں جس میں علاقائی کارکنوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے کارکنوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔