مغربی افریقی ممالک کی تنظیم ایبولا کے انسداد کے لیے طبی کارکنوں کو تربیت دے گی

پیر 24 نومبر 2014 13:47

نیویارک(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء)مغربی افریقی ممالک کے علاقائی بلاک ECOWAS کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ رواں ہفتے ایبولا کی وبا کے انسداد کے لیے 150 ہیلتھ ورکروں کو تربیت فراہم کرے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ طبی کارکنان گِنی لائبیریا اور سیرالیون میں اس بیماری کی روک تھام کے لیے سرگرم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان طبی کارکنان کا تعلق ایکواس کے چھ رکن ممالک سے ہے، جنہیں اکرا میں پانچ روزہ تربیت فراہم کر کے متاثرہ ممالک بھیجا جائے گا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق مغربی افریقی ممالک میں پھیلنے والی اس بیماری کی وجہ سے تقریبا ساڑھے پانچ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ایبولا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پندرہ ہزار سے زائد ہے۔