سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منظوری بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘کے سربراہ نے دی تھی، امریکی اخبار

منگل 30 اپریل 2024 11:55

سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منظوری بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘کے ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے امریکی شہری اور سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کے قتل کی منظوری بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کے اس وقت کے سربراہ سمنت گوئل نےعین اس وقت دی تھی جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی امریکا کی تعریف میں ڈونگرے برسا رہے تھے۔

۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی ایجنسیوں کے مطابق کرائے کے قاتلوں سے رابطہ’’ را ‘‘کے افسر وکرم یادو نے کیا۔ را نے قتل کا حکم اس وقت دیا جب جون 2023میں نریندر مودی امریکہ کے دورے پر تھے اور امریکا کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملا رہے تھے ۔ امریکی میڈیا کے مطابق سمنت گوئل پر بھارت سے باہر مقیم سکھ علیحدگی پسندوں کو ختم کرنے کا شدید دبائو تھا۔

(جاری ہے)

امریکی ایجنسیوں کے خیال میں بھارت کے مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول منصوبے سے واقف تھے ۔ وکرم یادو نے گرپتونت سنگھ پنوں کا نیویارک کا پتہ کرائے کے قاتلوں کو دیا۔ وکرم یادوکی شناخت اور’’ را‘‘سے اس کا تعلق پہلی بار رپورٹ ہوا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ تعلق ثابت کرتا ہے کہ قتل کے منصوبے میں’’ را‘‘ براہِ راست ملوث تھی اور قتل کی سازش میں را کے کئی اعلیٰ عہدے دار ملوث پائے گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ایجنسیوں نے ملزمان کے مودی کے قریبی حلقے سے ممکنہ روابط کے شواہد بھی حاصل کر لئے ہیں۔