کوئٹہ،آفاق کے زیر اہتمام بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدا رمیں تعلیم کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار

ہفتہ 20 دسمبر 2014 21:09

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) آفاق کے زیر اہتمام بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدا رمیں تعلیم کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار ”تعلیم ترقی کی ضامن“کے عنوان سے منعقد ہوا ۔ سیمینار میں بی یو ای ٹی خضدار کے وائس چانسلر بریگیڈیئر انجینئرمحمد امین، ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ سمیت اساتذہ کرام ، آفیسرزومختلف تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

سیمینار سے وائس چانسلر بی یو ای ٹی انجینئر محمدامین، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ آفاق امیرزیب، اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان خضدار سلطان احمد شاہوانی ڈاکٹر صلاح الدین، ڈاکٹر بشیر نقوی ، پرنسپل بوائز ڈگری کالج پروفیسر محمد اسحاق باجوئی پرنسپل گرلز ڈگری کالج طاہرہ احساس، ریجنل ہیڈ آفاق محمد نعیم ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں معصوم نونہالوں پر حملہ پورے ملک و ملت کے لئے المیہ ہے قوم کا ہر فرد اس دلخراش واقعہ کا درد محسوس کررہاہے یہ معصوم بچے پوری قوم کے بچے تھے جنہیں بڑی بے دردی سے شہید کیا گیا تاہم اس کے باوجود ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ ہماری پوری قوم کے حوصلے بلند ہیں پہلے سے بھی زیادہ موثر انداز میں علم کی روشنی پورے ملک میں پھیلائی جائیگی ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ تعلیم کسی بھی قوم کو دنیا میں کامیاب اور ترقی یافتہ بنا دیتی ہے ۔ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے ہی تعلیم کو ہر سمت وسعت دی جاسکتی ہے ۔آج دنیا کی تاریخ پر نظر مرکوز کی جائے تو وہی قومیں کامیابی سے ہمکنار ہوئیں جنہوں نے تعلیم کو فوقیت دی ۔ یقینا تعلیم ہی ترقی کی ضامن ہے ۔ جب وطن عزیز میں ہر بچہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوگا تو ملک ترقی کرے گا اور ہم تعلیم یافتہ قوم بن جائیں گے ۔ مقررین نے تعلیمی ترقی اور شعور و آگاہی فراہم کرنے میں آفاق کی خدمات اور کردار کو بھی سراہا ۔ انہوں نے کہاکہ آفاق دور دراز اضلاع میں تعلیم کو عام کرنے کے لئے جس طرح کی کوششیں کررہی ہے وہ قابل ستائش اور حوصلہ افزا ہیں ۔