کوئٹہ، تعلیم کو صوبے بھر میں جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جامع ،مکمل منصوبہ بندی وضع کی جارہی ہے، رضا محمد بڑیچ

پیر 29 دسمبر 2014 20:30

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) صوبائی مشیر تعلیم سردار رضا محمد بڑیچ نے کہا ہے کہ تعلیم کو صوبے بھر میں جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جامع اور مکمل منصوبہ بندی وضع کی جارہی ہے۔ تاکہ عوام تک معیاری تعلیم کی فراہمی کو ممکن بنانے کیساتھ ساتھ تعلیمی نظام میں موجود کوتاہیوں اور خامیوں کو دور کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکندرجمالی آڈیٹوریم میں محکمہ تعلیم کی جانب سے منعقدہ ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کی بلوچ کی نگرانی میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے اصلاحات متعارف کرارہی ہے تاکہ صوبے سے ناخواندگی کا خاتمہ ممکن ہوسکے اور لڑکے اور لڑکیوں کے لئے یکساں نظام تعلیم کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طالب علموں اور اساتذہ کی اسکولوں سے غیرحاضری کو روکنے کے لئے جدید ترین بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ اساتذہ کی نگرانی اور حاضری کو ممکن بنایا جائے۔

اس سے قبل سیکریٹری تعلیم عبدالصبور کاکڑ نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ تعلیم نے ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم وضع کرنے کے ساتھ ساتھ اس کا نفاذ ماڈل کے طور پر ضلع کوئٹہ میں شروع کیا ہے۔ اس نظام کے تحت گھوسٹ اسکولوں اور اساتذہ کی نشاندہی مؤثر طریقے سے ممکن ہوسکے گی اور ان کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے نہ صرف اساتذہ بلکہ طالب علموں کی کارکردگی اور صلاحیتوں کی وقتاً فوقتاً جانچ پڑتال ہوگی اور ان کے مکمل کوائف کا ریکارڈ برقرار رکھا جائے گا تاکہ تعلیمی نظام میں موجود ناانصافیوں اور بے ضابطگیوں کا خاتمہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ والدین اپنی شکایات اس سسٹم کے تحت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام تک بآسانی فراہم کرسکیں گے اور ان پر بروقت کاروائی ہوگی اور والدین کو کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔