ساہیوال میں بابافرید یونیورسٹی اور رینالہ خورد میں یونیورسٹی آف اوکاڑا کے قیام کا فیصلہ

جمعہ 13 فروری 2015 00:01

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ڈائریکٹوز کے تحت حکومت پنجاب نے رینالہ میں 280 ایکٹر اراضی پر یونیورسٹی آف اوکاڑا کے قیام اور بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کے ساہیوال سب کیمپس کو بابافرید یونیورسٹی کے نام سے خود مختار چارٹرڈ یونیورسٹی کا درجہ دینے کے پراجیکٹ کو بلاتاخیر عملی شکل دینے کا فیصلہ کیا ہے، مجموعی طور پر ایک ارب روپے کی لاگت کے دونوں پراجیکٹس کے پہلے مرحلے میں صوبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے ابتدائی طور پر 10 کروڑ روپے جاری کئے جارہے ہیں۔

یہ فیصلہ یہاں وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں کی صدارت میں وزیراعلی کی جانب سے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔قومی اسمبلی کے رکن محمد عارف چوہدری اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سہیل شہزاد کے علاوہ محکمہ تعلیم کے دیگر سینئر آفیسرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بابا فرید یونیورسٹی ساہیوال اور یونیورسٹی آف اوکاڑادونوں جنرلائیزڈیونیورسٹیاں ہوں گی۔

رینالہ خورد میں یونیورسٹی آف اوکاڑا کے لئے 280 ایکڑ سرکاری اراضی مختص کی گئی ہے جس میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے رینالہ سب کیمپس کے لئے ماضی میں مختص کی گئی اراضی اور اس سے ملحقہ اراضی کو شامل کیا گیا ہے۔اجلاس میں دونوں پراجیکٹس پر تعمیراتی کام کا آغازجاری ترقیاتی سکیم کے طور پر فوری شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف یونیورسٹی آف اوکاڑا کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

دریں اثناء صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں کی صدارت میں ایک اور اجلاس کے دوران 2014 کے میٹرک اور انٹر میڈیٹ امتحانات میں ملک بھر سے پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کرنے والے 404 ذہین طلبا وطالبات اور ان کے اساتذہ کو نقد انعامات اور وزیراعلی پنجاب کے دستخط شدہ میرٹ سرٹیفکیٹس دینے کی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔یہ تقریب جمعتہ المبارک 20 فروری کی شام کو لاہور میں منعقد ہو گی جبکہ 19 فروری کو اس تقریب کی فل ڈریس ماک ریہرسل کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :