Live Updates

مسلم لیگ (ن) صوبائیت اور لسانیت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،وفاقی وزیر اطلاعات،

سینٹ الیکشن میں (ن) لیگ نے پارلیمانی تجربہ رکھنے والے سیاستدانوں کو ٹکٹ دیا کسی بھی صوبے کو نظر انداز نہیں کیا گیا، باریاں لینے والے عمران خان کی صفوں میں شامل ہو چکے (ن) لیگ میں پیرا شوٹ سے اتر نے والا کوئی شخص نہیں، پرویز رشید کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 فروری 2015 00:05

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات سینٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) صوبائیت اور لسانیت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی‘ نواز شریف پاکستان کی بہتری کے لئے عالمی برادری سے رابطے میں ہیں‘ سینٹ الیکشن میں (ن) لیگ نے پارلیمانی تجربہ رکھنے والے سیاستدانوں کو ٹکٹ دیا کسی بھی صوبے کو نظر انداز نہیں کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سینٹ میں ٹکٹ علاقوں کی نمائندگی کے لئے نہیں دیئے جاتے بلکہ سینٹر صوبوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سے پہلے سے مسلم لیگ (ن) کے 4 سینیٹر ہیں کسی بھی صوبے کو نظر انداز نہیں کیا گیا ہے پرویز رشید نے کہا کہ چنیوٹ میں ہونے والی لوہے اور تانبے کی دریافت کو وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کا خزانہ قرار دیا جو صوبائیت کی سیاست کے الزامات کی نفی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے عمران خان کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ خان صاحب (ن) لیگ پر الزامات کی بوچھاڑ کر تے ہیں کنٹینرز پر کھڑے ہو کر لگائے گئے الزامات الیکشن کمیشن کو تحریری لکھ کر دیں۔ عمران خان کے الزامات پر کمیشن بنانے کو تیار ہیں مگر یہ یاد رکھنا عمران خان جتنے تھیلے کھولو گے ہر تھیلے سے شیر نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان (ن) لیگ اور پی پی پر باریاں لینے کا الزام لگا رہے ہیں اور لندن اور کشمیر میں باریاں لینے والوں کو گلے لگا رہے ہیں۔ باریاں لینے والے عمران خان کی صفوں میں شامل ہو چکے ہیں (ن) لیگ فہرست میں پیراشوٹ سے اتر نے والا کوئی شخص نہیں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات