فاصلاتی نظام تعلیم کے فروغ میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بہتر انداز میں کام کر رہی ہے،انجینئر بلیغ الرحمن،

یونیورسٹی میں سالانہ 14لاکھ طلباوطالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں،وزیر مملکت تعلیم

ہفتہ 14 مارچ 2015 20:00

بہاولپور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) وزیر مملکت برائے تعلیم و امور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ فاصلاتی نظام تعلیم کے فروغ میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بہتر انداز میں کام کر رہی ہے جس سے سالانہ 14لاکھ طلباوطالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل آفس کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس پر مجموعی طور پر 12کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر مختار، اراکین اسمبلی مخدوم علی حسن گیلانی، پروین مسعود بھٹی، صبیحہ نذیر، خالد وارن، فوزیہ ایوب قریشی، تابش الوری، نسیم جعفری، آر پی او صادق طارق، ڈی پی او سرفراز فلکی، سرکاری افسران، ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے ممبران موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح تعلیم کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں قومی نصاب تعلیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور بہت جلد ہی ٹیکنیکل ایجوکیشن پالیسی بنا لی جائے گی جس کا وزیر اعظم پاکستان جلد ہی اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مڈل اور پرائمری سکولوں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن شروع کرائی جا رہی ہے تاکہ طلباوطالبات فنی تعلیم حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں خواندگی کی شرح 58فیصد سے بڑھ کر 60فیصد ہو گئی ہے۔وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی یونیورسٹیوں کے لئے گرانٹ 40ارب روپے سے بڑھا کر 70ارب روپے کر دی گئی ہے جبکہ ریسرچ کے لئے 20ارب روپے علیحدہ مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومت تعلیم کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے کیونکہ کسی بھی ملک اور معاشرے کی ترقی کے لئے تعلیم کا فروغ بہت ضروری ہے۔

وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت انرجی سیکٹر میں بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے اور ڈیڑھ سال میں 1500میگا واٹ بجلی قومی سسٹم میں شامل کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر سے کاشغر تک اقتصادی راہ داری بنائی جا رہی ہے جس سے ملک کی معیشت مستحکم ہو گی۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل آفس کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم و امور داخلہ بلیغ الرحمن نے ریجنل کیمپس کی چار دیواری کی تعمیر، شٹل سروس کے اجراء ، آڈیو ویڈیو کانفرنس کے جدید آلات کی فراہمی، کمپیوٹر لیبارٹری کے لئے جدید کمپیوٹرز کی فراہمی اور سٹاف کی رہائش کے لئے فلیٹس تعمیر کرانے کا اعلان کیا۔

قبل ازیں وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی میگا یونیورسٹی ہے جس میں بڑی تعداد میں طلباوطالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 44علاقائی دفاتر قائم ہیں جہاں 70ہزار ٹیوٹرز خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بہاول پور ڈویژن کے 60ہزار طلباوطالبات علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں رجسٹرڈ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہ اس یونیورسٹی کے قیام سے ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ ہوا ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر نعیم،ماہر تعلیم میاں ظفر اقبال، ممتاز قانون دان مختار احمد فارانی ایڈووکیٹ نے بھی اظہار خیال کیا اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :