سرگودھا‘ طوفانی بارش اور آندھی نے تباہی مچادی درخت‘ بجلی کے پول‘ سائن بورڈ گر گئے متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع

چھتیں گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے

بدھ 1 اپریل 2015 16:04

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) سرگودھا اور گردونواح میں بدھ کے روز طوفانی بارش نے تباہی مچادی شدید بارش اور تیز آندھی کے باعث درخت ۔ بجلی کے پول۔ سائن بورڈ گر گئے متعدد علاقوں میں بجلی کے پول گرنے سے بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی اسی طرح مختلف علاقوں میں مختلف چھتیں گرنے سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں جبکہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی کا بھی خطرہ بڑھ گیا ہے بدھ کے روز صبح سویرے چھانے والی کالی گھٹاؤں سے رات کا سا منظر پیدا ہوگیا اور اچانک ہی شدید آندھی کیساتھ ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری شروع ہوگئی‘ سڑکوں پر کئی کئی انچ پانی کھڑا ہوگیا جبکہ شدید بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے بلدیہ کے ناقص سیوریج سسٹم کی وجہ سے پورا شہر جھیل کا منظر پیش کرنے لگا اور پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا مختلف مقامات پر چھتیں گرنے سے متعدد افراد کے زخمی ہوگئے جنہیں پرائیویٹ اور سرکاری ہسپتالوں میں داخل کروادیا گیا ژالہ باری کے باعث گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور ٹریفک کا نظام بری طرح درہم برہم ہوکر رہ گیا بڑے بڑے سائن بورڈ ٹوٹنے سے بھی مالی نقصانات ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

شہر بھر میں بجلی کی بندش کے باعث بروقت ڈسپوزل کی موٹریں نہ چلنے سے نکاسی آب کا مسئلہ سنگین ہوگیا بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہونے سے تاجروں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے اسی طرح سرکاری دفاتر میں بھی پانی داخل ہونے اور چھتیں ٹپکنے سے بھی سرکاری ریکارڈ کو نقصان پہنچا شہر کے مختلف تھانوں کی حوالات نچی ہونے کے باعث پانی حوالاتیوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سرگودھا ضلع سے گزرنے والے دریائے چناب اور جہلم کی سطح بھی اونچی ہوگئی۔