طلبہ کی بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں دیکھ کر یقین سے کہا جا سکتا ہے پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے‘ رانا مشہود احمد

لاہور نالج پارک میں طلبہ کو تعلیم کے بہترین مواقع کی فراہمی کیلئے بین الاقوامی معیار کی 11 یونیورسٹیوں کے کیمپس بنارہے ہیں‘ وزیر تعلیم

جمعرات 16 اپریل 2015 21:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہور احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستانی طلبہ خصوصاً طالبات دنیا بھر میں پاکستان کا تعارف بن چکی ہیں،طلبہ کی بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں دیکھ کر یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے،پاکستان کو آج انتہا پسندی ،بیروزگاری اور جہالت سمیت سبھی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کنیئرڈ کالج یونیورسٹی کے 78 ویں کانو وکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کالج کے بورڈ آف ڈائریکٹر زکے چیئر مین بشپ الیگزینڈر جان ملک ،پرنسپل رخسانہ ڈیوڈ ، فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طلباء اور والدین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ بات خوشگوار حیرت کا باعث ہے کہ پاکستانی خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں آگے بڑھ رہی ہیں اور پاکستان کی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں ۔

انہوں نے گریجوایٹ طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ زندگی کے عملی میدان میں داخل ہونے جا رہی ہیں جہاں مادر علمی سے حاصل کئے گئے علوم ان کے معاون ہوں گے ۔انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رانا مشہود نے کہا کہ حاصل پور میں واقع دانش سکول کی بچیوں نے ناسا کے زیر اہتمام بین الاقوامی مقابلوں میں پانچویں پوزیشن حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے جبکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ سے سکالر شپ حاصل کرنے والے طالب علم نے امریکہ کی معروف انجینئرنگ یونیورسٹی میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی طلبہ دنیا میں کسی سے کم نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن ہے کہ ”پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب “ پروگرام کے تحت 2018 تک کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ رہے ۔جدید تعلیم کے حصول کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت ہے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے پنجاب حکومت نے طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کئے ہیں اور آئندہ طلبہ میں ٹیب لٹس تقسیم کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے ۔ مستقبل کے معماروں کو تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لئے بین الاقوامی معیار کی 11 یونیورسٹیوں کے کیمپس لاہور نالج پارک میں لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبات کو سکوٹیز مہیا کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔دریں اثناء صوبائی وزیر تعلیم و آثار قدیمہ نے عجائب گھر لاہور میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرامن اور محبت کرنے والے لوگ ہیں اور اس امر کا اظہار تصویری نمائش سے بخوبی ہوتا ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ جن چند شدت پسندوں نے پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچایا ہے ، انہیں متحد ہو کرشکست دی جائے اور پاکستان کا روشن خیال چہرہ دنیا کے سامنے لایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :