کراچی، غیرقانونی شادی ہالوں کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے، جے یوپی

جن شخصیات نے قوم کی فلاح وبہبودکے لئے پلاٹ وصول کرکے ذاتی مال بنایاان کامحاسبہ وقت کی اہم ضرورت ہے

جمعرات 16 اپریل 2015 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان نے غیر قانونی شادی ہالوں کے خلاف حکومتی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہوئے ان اقدامات کو منطقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیاہے۔ جے یوپی کے ترجمان کے مطابق ان شخصیات کا محاسبہ وقت کی اہم ضرورت ہے جنہوں نے قوم کی فلاح وبہبودکے لئے حکومت سے رفاعی پلاٹ وصول کئے لیکن عوام کی بھلائی کے بجائے ذاتی مال بنایا۔

جے یوپی رہنماؤں نے کہاکہ غیرقانونی اور ناجائزشادی ہال کے صرف گیٹ توڑنے کے بجائے مکمل عمارت کو مسمارکیاجائے تاکہ ناجائزمال سمیٹنے والے یہ مگرمچھ دوبارہ ان ہالوں کو تعمیر نہ کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ رفاعی کاموں کے لئے دیئے گئے ایسے پلاٹوں کو فوری طورپر قومی تحویل میں لیاجائے جن پر غیر قانونی طورپر شادی ہال بنے ہوئے ہیں اور ان سے حاصل شدہ آمدنی کو عوام کی فلاح وبہبودکے لئے خرچ کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایسے لوگوں کو عبرت نشان بنایاجائے جو قوم کے نام پر پلاٹ اور پرمٹ حاصل کرکے اپنی تجوریاں بھرتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ غریب عوام ابھی تک پریشان حال ہے اور عوام کے نام پر لوٹ کھسوٹ کرنے والے اربوں پتی بن چکے ہیں،اگر اب بھی صرف دکھاوے کا آپریشن کیاگیاتو عوام کے نام پر مال بنانے والے یہ گھناؤنے عناصر نام اور چہرے بدل کر پھر لوٹ مار کرنے کو تیارہوں گے۔انہوں نے کہاکہ محض شادی ہال توڑنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگاان لوگوں سے ناجائز طورپر کمائی گئی آمدنی بھی وصول کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :