کنٹونمنٹ کے علاقوں میں25اپریل کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو 2013کے عام انتخابات کی طرح بھرپور مینڈیٹ ملے گا، مسلم لیگ(ن) کا انتخابی نشان شیر ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی علامت ہے، ہمارے سیاسی مخالفین کو بجائے الزامات کے مثبت رویہ اپنانا چاہیے‘وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا بیان

اتوار 19 اپریل 2015 19:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں25اپریل کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو 2013کے عام انتخابات کی طرح بھرپور مینڈیٹ ملے گا، مسلم لیگ(ن) کا انتخابی نشان شیر ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی علامت ہے، ہمارے سیاسی مخالفین کو بجائے الزامات کے مثبت رویہ اپنانا چاہیے۔

(جاری ہے)

اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا عظیم اور تاریخی سفر شروع کر دیا گیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہوں گے اور پاکستان اقتصادی طور پر مضبوط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 25اپریل کو کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات میں فتح مسلم لیگ(ن) کی ہو گی اور ہمیں 2013 کے عام انتخابات کی طرح بھاری مینڈیٹ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین اور حاصل الزامات کے بجائے ہماری کارکردگی اور بہتر نتائج بھی دیکھیں، ہم بہتر کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی وزراء کو اپنی ذاتی اور غیر سرکاری حیثیت میں کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات کی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دی جانی چاہیے۔