چینی صدر کے دورہ پاکستان سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا‘ خواجہ خاور رشید

منگل 21 اپریل 2015 16:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)ٹریڈر زونگ پنجاب و ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ خاور رشیدنے چین کے صدر کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ چینی صدر کے دورہ پاکستان سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا،چین کے توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری سے ملک میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور صنعتوں کو وافر بجلی کی فراہمی سے حکومت کا صنعتی ترقی کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی چن پنگ کا دورہ پاکستان پا ک چین اقتصادی راہداری کے استحکام کی ضمانت ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے ترقیاتی عمل میں ممدومعاون ثابت ہونے والے اقدامات کی عملی مظہر ہے بلکہ خطے میں علاقائی امن،استحکام اور خوشی کا ضامن ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت توانائی،انفراسٹرکچر،زرعی ترقی ،روزگار کے مواقع،تعلیم کا فروغ، صحت عامہ اور عوامی روابطہ کے اہم ترین منصوبوں میں باہمی تعمیر و ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری اپنے حلقہ ء اثر میں چین،جنوبی ایشیاء اور وسطی ایشیاء میں آباد دنیا کی تقریباََ نصف آبادی یعنی 03ارب افراد کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔ خاور رشید نے مزید کہا وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات نے ایک نیا موڑ لیا ہے۔

چینی صدر کے تاریخی دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ بے مثال اقتصادی تعاون نہ صرف پاکستان میں تجارت ،سیاحت اور سماجی و اقتصادی سر گرمیوں میں تیزی لائے گا بلکہ یہ خطے کی تاریخ کی سمت طے کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے معاشی حالات مستحکم کرنے اور عوامی خوشحالی کیلئے ہمیشہ پاکستان کی مدد کرتا چلا آرہا ہے،گوادر پورٹ اور پاکستان کے دیگر بڑے بڑے منصوبوں میں چین کی قیادت اور ماہرین نے عظیم الشان کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نواز شریف اور وزیراعلی شہباز شریف کے چینی قیادت سے مسلسل رابطوں کے ذریعے پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں ہموار ہوئی ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں توانائی کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے اور اسے وسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :