جامعہ سندھ جامشورو میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت بیچلرس و ماسٹرس کے 5700 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا

مسلم لیگ (ن) کی رہنما سینیٹرڈاکٹر راحیلہ گل مگسی نے 11 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرکے تیسرے مرحلے کا افتتاح کیا لیپ ٹاپ پروگرام تب تک جاری رہے گا، جب تک تمام طلباء کو لیپ ٹاپ نہیں ملتے۔ طلباء کے بعد جلد اساتذہ کو بھی لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے، راحیلہ مگسی

پیر 4 مئی 2015 22:27

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) جامعہ سندھ جامشورو میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت بیچلرس و ماسٹرس کے 5700 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی رہنما سینیٹرڈاکٹر راحیلہ گل مگسی نے 11 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرکے تیسرے مرحلے کا افتتاح کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر راحیلہ گل مگسی نے کہا کہ لیپ ٹاپ پروگرام تب تک جاری رہے گا، جب تک تمام طلباء کو لیپ ٹاپ نہیں ملتے۔

طلباء کے بعد جلد اساتذہ کو بھی لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے گذشتہ روز لیپ ٹاپ بمع ایوو ڈوائس بیچلرس و ماسٹرس طلباء میں تقسیم کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب ایریا اسٹڈی سینٹر میں منعقد ہوئی، جس کا افتتاح مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر ڈاکٹر راحیلہ مگسی و شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر عابدہ طاہرانی نے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر آئی بی اے و پرائیم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے جامعہ سندھ میں فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر امام الدین کھوسو، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے نعیم احم و دیگر حکام بھی موجود تھے، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر راحیلہ مگسی نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے مستقبل ہیں، جوکہ آگے چلکر ملک کو چلائیں گے، اس لیے ان کو جدید تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی نظریے کو ذہن میں رکھ کر وزیراعظم پاکستان نے جامعات میں زیر تعلیم طلباء کو لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا تاکہ اس جدید دور میں انٹرنیٹ کی مدد سے انہیں اعلیٰ تعلیم دلایا جاسکے اور وہ تحقیقی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں، انہوں نے کہا کہ طلباء میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آغاز وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا، جس کے خاطرخواہ نتائج سامنے آئے، شہباز شریف کی جانب سے پنجاب کے طلباء کے لیے 3 لاکھ لیپ ٹاپ خریدنے کا فیصلہ کیا گیا اور ابھی تک ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے اس پروگرام کی کامیابی کے بعد وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اسی پروگرام کو قومی سطح پر لانے کا فیصلہ کیا اور ملک کی تمام جامعات کو لیپ ٹاپ دیئے گئے جن میں سے سب سے زائد حصہ سندھ یونیورسٹی کو دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کے تمام طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے اور جامعہ کے مالی معاملات میں مزید بہتری لانے کے لیے وہ قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کو امدادی پیکیج دینے کہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کے بعد جامعہ سندھ کے اساتذہ کو بھی ریسرچ کرنے لیے لیپ ٹاپ دلائے جائیں گے، جس کے لیے وہ وزیراعظم سے بات کریں گی، انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کو اسلحہ کی علامت کے طور پر استعمال کیا جائے تاکہ آگے چلکر غربت کے خلاف موثر جنگ لڑی جاسکے۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ سندھ ڈاکٹر عابدہ طاہرانی نے کہا کہ یہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا دانشمندانہ فیصلہ ہے کہ ملک بھر کی جامعات میں اسکالرز و طلباء کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے تحقیق کی دنیا میں بہت بڑا کام ہوگا اور آئندہ چند سالوں میں تحقیقی میدان میں واضح کامیابی کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویزن کے تحت ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ایک لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ خرید کیے ہیں، جن میں سے 7035 لیپ ٹاپ جامعہ سندھ کو دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اقدام سے جامعات میں تعلیمی و تحقیقی کلچر کو مزید فروغ حاصل ہو گا اور ہم دنیا بھر کی جامعات کے شانہ بشانہ کھڑے ہوسکیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایچ ای سی کو شفاف انداز میں جامعات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے و فوکل پرسن برائے لیپ ٹاپ اسکیم پروفیسر ڈاکٹر امام الدین کھوسو نے کہا کہ پرائیم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم سے اسکالرز کو بہت بڑا فائدہ ہوگا اور وہ اپنی تھیسز وغیرہ باآسانی لکھ پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ای بک کا دور ہے اور تمام قیمتی کتابیں، تحقیقی مقالے و تحقیقی آرٹیکلز انٹرنیٹ پر دستیاب ہیں۔ لیپ ٹاپ کے ذریعے طلباء ای بوکس و دیگر تحقیقی مواد تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کا کردار اب صرف معلومات کا پھلاؤ نہیں رہا بلکہ معلومات کو پیدا کرنا بھی ہے۔ اگر درست انداز میں وسائل کا استعمال کیا جائے تو ہم ایک نئی قوم بنا سکتے ہیں اور تعلیمی میدان میں بہت آگے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 7035 لیپ ٹاپ سندھ یونیورسٹی کو مل چکے ہیں، جن میں سے ایم ایس/ایم فل و پی ایچ ڈی کے 1300اسکالرز میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے اور آج تیسرے مرحلے میں ماسٹرس و بیچلرس کے 5700طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :