سعودی عرب کی جنگ بندی ‘ باغیوں نے خلاف ورزی کرتے ہوئے راکٹ حملے شروع کر دیئے

جمعرات 14 مئی 2015 12:13

سعودی عرب کی جنگ بندی ‘ باغیوں نے خلاف ورزی کرتے ہوئے راکٹ حملے شروع ..

ریاض/صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء) یمنی باغیوں نے سعودی عرب کی مجوزہ عارضی جنگ بندی کے پہلے ہی روز خلاف ورزی کرتے ہوئے سعودی سرحدی علاقوں پر راکٹ داغے ہیں، غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت دفاع کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گزشتہ روز 10 بجے نجران اور جازان کے علاقوں میں راکٹ حملے کیے ‘ حوثی ملیشیا کی جانب سے فائرنگ بھی مانیٹرنگ کی گئی تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

عہدیدار نے بتایا کہ سعودی مسلح فورسز نے اتحادی فورسز کے فیصلے کے تحت جنگ بندی کے معاہدے کو مدنظر رکھتے ہوئے جوابی کارروائی سے اجتناب کیا، اتحادی فورسز کے ترجمان بریگیڈیر جنرل احمد العسیری نے کہا کہ ہم معاہدے کا احترام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، انھوں نے مزید بتایا کہ ہم عارضی جنگ بندی کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر ردعمل ظاہر کرنے کے لیے تیار ہیں ادھر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن امدادی مرکز کے قیام کے لیے ایک ارب ریال مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ رقم ماضی میں یمن کی امداد کے ضمن میں کیے گئے وعدوں کے علاوہ ہوگی، دریں اثنا سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں 3 یمنی باشندوں کے سر قلم کردیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے نام عیسیٰ علی احمد حاجر، محمد علی سیفی اور ماجد گاسم ہیں، اے ایف پی کے مطابق ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے یمن کے لیے امدادی سامان کا جہاز روکا تو جنگ شروع ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :