کراچی میں ہولناک گرمی نے 2 روز میں 55 افراد کی جان لے لی،جامعہ کراچی میں(کل) ہونیوالے پرچے ملتوی ،ایدھی سرد خانے میں 24 گھنٹوں میں 150 لاشیں لائی گئیں ، سرجانی ٹاؤن ، کورنگی ، لانڈھی اور بلدیہ میں 25 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ، زیادہ تر ہلاکتیں گرمی کے باعث بس سٹاپ پر کھڑے ہوئے افراد کی ہوئیں ،ڈاکٹر سیمی جمالی

اتوار 21 جون 2015 21:46

کراچی میں ہولناک گرمی نے 2 روز میں 55 افراد کی جان لے لی،جامعہ کراچی میں(کل) ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جون۔2015ء) کراچی میں ہولناک گرمی اور بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث 24گھنٹوں میں55افراد جاں بحق ہوگئے،ایدھی سردخانے میں 150 مزید میتیں آنے پر پہلے سے موجود لاوارث لاشوں میں سے 30 کی تدفین کردی گئی،ادھر جامعہ کراچی میں(کل) پیر کو ہونے والے پرچے ملتوی کردےئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں پڑنے والی ریکارڈ گرمی نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55افراد کی جان لے لی۔

ایدھی سرد خانے میں 24 گھنٹوں کے دوران رکھوائی جانے والی لاشوں کی تعداد150تک پہنچ گئی ہیں۔ ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران گرمی اور لو لگنے کے باعث 55 افراد جاں بحق ہوئے ، سنگیانی ٹاؤن ، کورنگی ، لانڈھی اور بلدیہ میں 25 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ، زیادہ تر ہلاکتیں گرمی کے باعث بس سٹاپ پر کھڑے ہوئے افراد کی ہوئیں ۔

(جاری ہے)

ادھر ایدھی ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی لاشوں کی تعداد کے باعث سرد خانے میں رکھی گئی 30 لاوارث لاشوں کی تدفین کردی گئی ہے۔

ایدھی ذرائع کے مطابق 150 افراد میں سے 35 افراد گرمی کی شدت کے باعث الٹیاں لگنے اور بخار ہونے کے باعث فوت ہوئے ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں رمضان المبارک کے مہینے میں بڑھتی ہوئی گرمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کا جینا اجیرن ہوگیا ہے،مگرحکمران عوامی پریشانیوں کو دور کرنے میں بے بس دکھائی دیتے ہیں۔دوسری جانب کراچی میں جاری شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث جامعہ کراچی میں (کل ) پیر کو ہونے والا پرچہ ملتوی کردیا ہے۔

ترجمان جامعہ کراچی ارشد اعظمی کا کہنا ہے کہ شہر میں لوڈشیڈنگ اور گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث پیر کو ہونے والے ایم بی بی ایس تھرڈ کا پرچہ ملتوی کردیا گیا ہے۔جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ کراچی سمیت ملک کے دیگرعلاقوں کو ان دنوں شدید گرمی کا سامنا ہے جب کہ موسم کی شدت کے باعث لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔