ٹیوٹاصوبہ پنجاب میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے تعاون سے تین ماہ دورانیہ کے لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (ایل ٹی وی ) ڈرائیونگ کورس کاآغاز کرے گی ، معاہدہ طے پا گیا

جمعرات 16 جولائی 2015 16:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جولائی۔2015ء) ٹیوٹاصوبہ پنجاب میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے تعاون سے تین ماہ دورانیہ کے لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (ایل ٹی وی ) ڈرائیونگ کورس کاآغاز کر رہی ہے، یہ کورس آئندہ ماہ سے صوبہ بھر کے بیروزگار نوجوانوں کیلئے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے 35روڈسیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں شروع کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹاعرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ٹیوٹااور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے مابین معاہدے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرآئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس محمد سلیم بھٹی،ڈی آئی جی سینٹرل زون مرزا فاران بیگ ،ڈپٹی کمانڈنٹ کمانڈنٹ ٹریننگ کالج اطہر وحید ،جنرل منیجرزحامد غنی انجم، عبدالقیوم، انجینئر اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ،منیجر سرفراز انور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے معاہدے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایل ٹی وی ڈرائیونگ کورس کیلئے ٹیوٹا نصاب فراہم کرے گی۔ دوران ٹریننگ زیر تربیت نوجوانوں کو ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ ملے گا۔داخلے کیلئے تعلیمی قابلیت مڈل پاس جبکہ میٹرک پاس کو ترجیح دی جائے گی۔ عمر کی حدکم از کم عمر اٹھارہ سال اور زیادہ سے زیادہ 35سال ہو گی۔کامیاب امیدواروں کوٹیوٹا اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کامشترکہ سرٹیفکیٹ دیاجائے گا۔

اس کورس کے آغاز کا مقصدبیروزگار نوجوانوں کوبین الاقوامی معیار کی ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کرنا ہے جس سے بیرون ملک ملازمت کے مواقع بڑھیں گے۔ٹیوٹا فارغ التحصیل نوجوانوں کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار فراہم کرنے کیلئے بھرپور معاونت بھی فراہم کرے گی۔آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس محمد سلیم بھٹی نے معاہدے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ڈیپارٹمنٹ پاکستان کی پولیس کے اعلی اداروں میں سے ایک ہے جو نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز پر دن رات جدوجہد کرتا ہے۔

اس پروگرام کیلئے ٹریننگ میٹریل بشمول کتابیں/مینوئلز، سٹیشنری ، مشینری و آلات، ڈرائیونگ ٹریننگ وہیکل، ڈرائیونگ ٹریک اور نصاب کے مطابق فرنیچرکی فراہمی کے علاوہ امتحان کا انعقاد بھی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کرے گی۔

متعلقہ عنوان :