پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طالبعلموں کے محفوظ مستقبل کی ضامن ہے‘قمر الاسلام

جمعہ 7 اگست 2015 15:14

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07اگست۔2015ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طالبعلموں کے محفوظ مستقبل کی ضامن ہے۔ اس فاؤنڈیشن نے مفت تعلیم کے منصوبوں کے ذریعے تعلیم کو ہر گھر کی زینت بنا دیا ہے۔ اب ہمارے بچے تعلیمی اخراجات کے خوف سے بے نیاز ہو کر پارٹنرسکول جاتے ہیں جہاں پر طالبعلموں کو باا عتماد اور سماجی ذمہ دار شہری بنانے کے لیئے خوشگوار تعلیمی ماحول مہیا کیا گیا ہے۔

اس طرح غربت کا شکار والدین کو بھی یہ حوصلہ ملا ہے کہ انکے بچوں کا مستقبل محفوظ ہے کیونکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ہر ضرورت مند بچے کی میٹرک تک مفت تعلیم کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔اس مقصد کے لیئے 36اضلاع میں 5ہزار نجی سکولوں سے پارٹنرشپ کی گئی ہے۔ یہ بات چےئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمر الاسلام راجہ نے آج یہاں ایک مقامی ہوٹل میں پارٹنر سکولو ں کے ضلعی رابطہ اجلاس سے خطاب میں کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں راولپنڈی سمیت 10مختلف اضلاع میں فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول سے منسلک سکول مالکان نے شرکت کی۔چےئرمین پیف نے کہا کہ مفت تعلیم کے منصوبے فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول کے توسط سے پنجاب کے 36اضلاع کے لاکھوں گھرانوں میں علم کے چراغ روشن ہوئے ہیں۔اس مفید تعلیمی منصوبے کی بدولت ہمارے طالب علموں کو نئی امید اور عزم ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم کی اس مہم میں سکول پارٹنرز کا کردار انتہائی اہم ہے، اس کردار کو مزید موثر بنانے کی غرض سے مختلف اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر فاس پروگرام زاہد علی ، ایڈیشنل ڈائریکٹر افتخار احمد ربانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں ریجنل ڈائریکٹر (نارتھ(سید نوید عباس نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔سکول پارٹنرز نے اظہار خیال کرتے ہوئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبوں کو سو فیصد انرولمنٹ کے حصول میں اہم قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :