خواتین حمل سے قبل اور دوران حمل صحت بخش غذا کا استعمال کریں تو نوزائیدہ بچوں میں دل کے امراض کا خطرہ کم ہوسکتا ہے ‘سائنسدان

منگل 25 اگست 2015 13:07

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) سائنسدانوں نے کہا ہے کہ خواتین حمل سے قبل اور دوران حمل صحت بخش غذا کا استعمال کریں تو نوزائیدہ بچوں میں دل کے امراض کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔امریکہ میں 19 ہزار حاملہ خواتین اور اْن کی خوراک پر کی جانے والی تحقیق کے بعد حاملہ خواتین اور صحت بخش خوراک کے درمیان کا تعلق سامنے آیاصحت بخش خوراک میں تازہ مچھلی، پھل، خشک میووں اور سبزیوں کو شامل کیا گیا تھا۔

وہ خواتین جو حاملہ ہوں یا جو حاملہ ہونا چاہتی ہیں اْنھیں پہلے سے ہی یہ مشورہ دیا جاتا رہا ہے کہ وہ مخصوص اضافی چیزوں کا استعمال کریں۔پیدائشی نقائص جیسے ریڑھ کی ہڈیوں میں خلا سے بچنے کیلئے ماہرین فولک ایسڈ اور مضبوط ہڈیوں اور دانتوں کیلئے وٹامن ڈی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انگلینڈ میں حکومت کی طرف سے ’صحت مند آغاز‘ کے نام سے سکیم کے تحت حاملہ خواتین کو پرچیاں فراہم کی جاتی ہیں جن سے وہ دودھ اور سبزیوں کی خریداری کر سکتی ہیں۔

سائنسی جریدے ’آرکائیوز آف ڈیزیزز‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں شامل نصف خواتین کے بچے دل کے امراض کا شکار تھے جبکہ نصف خواتین کے بچوں میں ایسا نہیں تھا۔جب تحقیق کرنے والوں نے ان دونوں گروپس کی خواتین کی خوراک کا جائزہ لیا تو انھیں یہ پتہ چلا کہ صحت بخش خوراک کا استعمال کرنے والی خواتین کے بچوں میں پیدائشی طور پر دل کے امراض کا تناسب کم تھا۔

تحقیق میں سامنے آیا کہ صحت مند خوراک کا استعمال زیادہ کرنے والی ایک چوتھائی حاملہ خواتین کے بچوں میں پیدائشی طور پر دل کے امراض کا خطرہ ان ایک چوتھائی خواتین کے بچوں سے کم تھا جو صحت بخش غذا کم استعمال کرتی تھیں۔

دیگرعوامل مثلاً سگریٹ نوشی کرنے والی خواتین یا جنھوں نے فولک ایسڈ کا کم استعمال کیا ہو، کو مدنظر رکھنے کے باوجود دونوں گروپس میں یہ فرق واضح تھا۔

بچوں میں پیدائشی طور پر دل کے امراض عام ہیں اور برطانیہ میں ہر 1000 بچوں میں سے نو بچہ اس بیماری کا شکار ہوتا ہے۔کچھ نقائص جیسے دل میں سوراخ کا فوری علاج نہیں کیا جاتا کیونکہ وقت کے ساتھ اس کے خود بخود بہتر ہونے کا امکان رہتا ہے اور اس سے مزید مسائل پیدا ہونے کا خطرہ کم رہتا ہے لیکن دیگر امراض سنگین اور مہلک ہوسکتے ہیں۔برطانوی دل کے امراض کی فاوٴنڈیشن کی سینئر ماہرغذائیت، وکٹوریہ ٹیلر کے مطابق یہ ایک دلچسپ تحقیق ہے جو زندگی کے آغاز سے ہی صحت مند غذا کے استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالتی ہے جیسا کہ تحقیق سے واضح ہے صحت مند خوراک حاملہ ہونے سے پہلے، دوران حمل اور زچگی کے بعد ماں اور بچے دونوں کیلئے مفید ہے۔

ایسے میں مخصوص تغذیہ پر توجہ دینے کے بجائے مکمل خوراک کا خیال رکھنا چاہیے۔اگرچہ صحت مند خوراک کا استعمال پیدائشی دل کے امراض سے حفاظت کی مکمل ضمانت نہیں ہے لیکن یہ خواتین کو حمل سے قبل صحت مند غذا کے رجحان کی طرف راغب کرسکتا ہے۔