بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین میں قابض ریاستیں آزادی کی جدوجہد کو غیر قانونی بنانے کے لیے جھوٹی خبروں کا سہارا لے رہی ہیں، منیر اکرم

منگل 30 اپریل 2024 13:11

بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین    میں قابض ریاستیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) پاکستان نے کشمیر اور فلسطین کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کی کمیٹی آن انفارمیشن کو بتایا ہے کہ غیر ملکی قابض ریاستیں حق خود ارادیت سمیت بنیادی آزادیوں سے محروم لوگوں کی آوازوں کو دبانے کے لئے جھوٹی خبروں اور غلط معلومات کا سہارا لے رہی ہیں ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی کمیٹی آن انفارمیشن کو بتایا کہ ہم آج غزہ کی جنگ میں اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مسلسل اس کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

یہ کمیٹی اقوام متحدہ کے شعبہ برائے عالمی مواصلات ( ڈی جی سی) کے کام کی نگرانی کرتی ہے اور محکمہ کو اس کی پالیسیوں، پروگراموں اور سرگرمیوں کے بارے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون کمیٹی کے 46ویں اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ اجلاس میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے اپنے تبصرے میں اپنے ساتھی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کمیٹی آن انفارمیشن کے 46ویں اجلاس کی صدارت آپ کی کثیرالجہتی اور اقوام متحدہ کے انفارمیشن ایجنڈے کے لیے پاکستان کے عزم کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری اور تکثیری قومی ریاست کے طور پر پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے اصولوں سمیت آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی،اس کے تمام مظاہر میں غلط معلومات کی روک تھام اور میڈیا کی آزادی اور تنوع کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال غیر ملکی قبضے اور جارحیت کے شکار افراد کو مجرموں میں تبدیل کرنے ،اسلامو فوبیا کو فروغ دینے کے لیے غلط معلومات اور ڈس انفارمیشن کے پھیلاؤ میں انتہائی اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان نے غلط معلومات کی روک تھام کے لئے قرارداد کا آغاز کیا، جسے گزشتہ سال متفقہ طور پر منظور کیا گیا اس کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے جلد ہی مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر معلومات کی سالمیت کے لیے بین الحکومتی طور پر وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی پیش رفت کا خیرمقدم کرے گا۔

پاکستان کو غلط معلومات کی روک تھام اور ڈیجیٹل نگرانی کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کے ٹولز کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکنے پر توجہ دینی چاہیے ۔ انہوں نے مندوبین کو بتایا کہ قابض حکام کی جانب سے آزادی کی جدوجہد کو غیر قانونی بنانے اور خوف، دھمکی اور تشدد کے ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے انفارمیشن کو مخصوص مقاصد کے لئے استعمال کرنا ، انٹرنیٹ بلیک آؤٹ، سنسرشپ اور میڈیا کے خصوصی قوانین کا استعمال مذموم منصوبہ ہے۔

قبل ازیں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ عالمی برادری کو درپیش عصری چیلنجز جن میں جغرافیائی سیاسی تناؤ کی تجدید اور بگڑتے ہوئے پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تبدیلی کے بحران شامل ہیں کی ایک الگ معلوماتی جہت ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہمارے ارد گرد جھوٹ اور پروپیگنڈے کے پھیلتے ہوئے جال سے سچائی اور حقائق کو جاننا انتہائی مشکل ہوتا جا رہا ہے، یہاں تک کہ اقوام متحدہ بھی اپنی ساکھ اور غیر جانبداری پر حملوں کا نشانہ بنتا ہے۔

انہوں نے درست، قابل اعتماد اور بروقت معلومات کو یقینی بنانے میں کمیٹی کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے آنے والے دنوں میں بحث کے موضوعات کا خاکہ پیش کیا، جس میں رائے عامہ کی تشکیل میں میڈیا کا کردار، شمال۔جنوب ڈیجیٹل کی تفریق کو ختم کرنا اور غلط معلومات،نفرت انگیز تقریر اور جھوٹےبیانیوں کا مقابلہ کرنا شامل ہے۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز ) کے حصول کو فروغ دینے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے سائنس پر مبنی معلومات کے استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

تاہم، ان شعبوں میں ڈیجیٹل اور تکنیکی تفریق کو ختم کیے بغیر اور ایک مساوی اور لچکدار عالمی معلوماتی منظر نامے کی تشکیل اور رابطے اور سب کے لیے ڈیٹا تک مساوی رسائی حاصل کیے بغیر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکتی۔932