Live Updates

تحریک انصاف کی سیاست ختم ہو گئی ہے، عمران خان قومی اداروں کی توہین کر رہے ہیں ،اوچھے ہتھکنڈوں سے کام نہیں چلے گا، جسٹس(ر) کاظم ملک پر دباؤ ہوتا تو فیصلہ ہمارے حق میں دیتے، خیبرپختونخوا میں 30ارب روپے کا غیر قانونی استعمال ہوا، پیسہ ہائیڈل فنڈز بجلی پیدا کرنے کی بجائے تحریک انصاف نے ذاتی مفاد میں استعمال کیا، عمران خان غیر قانونی کاموں پر استعمال کئے گئے پیسہ کا حساب دیں

مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں دانیال عزیز اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کاپریس کانفرنس سے خطاب

منگل 25 اگست 2015 20:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں دانیال عزیز اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاست ختم ہو گئی ہے، عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہیں، ان سے کام نہیں چلے گا، جسٹس کاظم ملک پر پریشر ہوتا تو فیصلہ ہمارے حق میں دیتے، خیبرپختونخوا میں 30ارب روپے کا غیر قانونی استعمال ہوا، پیسہ ہائیڈل فنڈز بجلی پیدا کرنے کی بجائے اپنے مفاد میں استعمال کیا، عمران خان غیر قانونی کاموں پر استعمال کئے گئے پیسہ کا حساب دیں، عمران خان قومی اداروں کی توہین کر رہے ہیں۔

وہ منگل کو عمران خا ن کی میڈیاسے گفتگو کے ردعمل میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ استعفیٰ دے دیں، جس کا مطلب ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی بہت زیادہ دھاندلی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے عمران خان کے پی کے سمیت چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اسی لئے بنایا گیا تھا کہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے، روز روز دھاندلی کا رونا نہ رویا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نے بتادیا کہ منظم دھاندلی نہیں ہوئی لیکن عمران پھر بھی نہیں مان رہے اور وہ کرکٹ کی مثالوں سے باہر نہیں نکلتے، ان کا ابھی تک بچگانہ دماغ ہے، عمران خان قومی اداروں کی توہین کر رہے ہیں، اب تحریک انصاف کو سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ کونسی چال چلے، اب قوم عمران خان کے تمام اداروں کو بھانپ چکی ہے، اس نے 126 دن کا دھرنا دے کر قومی کو ذلیل کیا، اب اگر قومی اداروں کو سامنے رکھ کر دوبارہ اپنی پرانی چال چلنا چاہتے ہیں تو یہ سوائے قوم کا وقت ضائع کرنے کے کچھ نہیں، دھاندلی کا راگ دوبارہ الاپنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پارلیمانی سیاست میں ناکام ہو چکی ہے،اگر عمران کو کرکٹ کا تجربہ ہے تو وہ اصولی طور پر یہ میچ ہار چکے ہیں، انہیں روز سمجھانا پڑتا ہے، مسائل کا حل پارلمیان کے اندر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس شرم اور استعفوں کے دو رجسٹرڈ ہیں، اب ان سے التجا ہے کہ وہ یہ رجسٹرڈ کہیں الماری میں رکھ دیں، اوچھے ہتھکنڈوں سے کام نہیں چلے گا، جسٹس کاظم ملک پر کوئی دباؤ نہیں تھا، تحریک انصاف کے 6 ارکان ابھی تک اسٹے آرڈر پر اسمبلی میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 30 ارب روپے کا غیر قانونی استعمال ہوا، ہائیڈل فنڈز بجلی پیدا کرنے کی بجائے اپنے مفاد کیلئے استعمال کیا گیاہے، ہمیں تحریک انصاف دو ہفتوں میں اس کا جواب دے، اگر نہ دیا تو پھر ہم بھی ایسا قدم اٹھائیں گے کہ سب سونامی بھول جائیں گے

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات