کراچی کے شہریوں کی سفری سہولیات کیلئے بی آر ٹی پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے،سید ناصر حسین شاہ

بدھ 26 اگست 2015 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی کے لئے ایک خصوصی پیکیج کا اعلان کرنے والے ہیں جس سے یہاں کے مسائل کافی حد تک حل ہوں گے جو بھی افسر کرپشن میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی اور اس کو پوسٹنگ بھی نہیں دی جائے گی ، کراچی کے شہریوں کی سفری سہولیات کے لئے بی آر ٹی (بس ریپڈ ٹرانسپورٹ )پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے تمام لائنز پر جلد ہی کام شروع ہوگا حکومت سندھ نے کراچی کے لئے مزید بسیں لانے کا فیصلہ کیا ہے جس پر جلد ہی عملدرآمد ہوتا نظر آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شام سرجانی بس ٹرمینل پر 16 سی این جی گرین بسوں کو مرمت کرنے کے بعد سڑکوں پر لانے کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ یہ بسیں ناکارہ ہوچکی تھیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ان کی مرمت کے لئے کروڑوں روپے کے خصوصی فنڈ جاری کئے جس کی وجہ سے 36 بسیں سڑکوں پر چل رہی ہیں، 16 بسوں کو آج سڑکوں پر لایا جا رہا ہے جبکہ مزید 20 بسیں جلد ہی مرمت کے بعد سڑکوں پر لائی جائیں گی اور ان بسوں میں مزید اضافہ کرکے نئی بسیں بھی لائی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے حوالے سے یہ تاثر غلط ہے کہ ہم کراچی پر توجہ نہیں دے رہے، پیپلزپارٹی کے دور میں سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے کراچی ہمارا دل ہے اور ہم ہر سال کراچی کے لئے بھاری ترقیاتی فنڈ مختص کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی کے لئے خصوصی ترقیاتی پروگرام کا اعلان کرنے جا رہے ہیں جس سے یہاں کے مسائل کافی حد تک ہوں گے خصوصاً فلائی اوور، سڑکیں، پانی اور سیوریج کے نظام پر توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب احمد صدیقی بہت اچھا کام کر رہے ہیں تاہم ان کے پاس کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کی بھاری ذمہ داریاں ہیں میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ ایڈمنسٹریٹر کا فل ٹائم چارج سنبھالیں اگر انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کا چارج سنبھالا تو شہر میں بہت زیادہ بہتری آئے گی انہوں نے کہا کہ نعمت اﷲ خان اور مصطفی کمال کے زمانے میں اچھے کام ہوئے ہیں تاہم ہم کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی کے شہریوں کے مسائل کو اس سے بھی بہتر انداز میں حل کریں۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے ہر دور میں عوام کی فلاح و بہبود اور حقیقی ترقی پر توجہ دی ہے اور ہم آئندہ بھی کراچی کے مسائل پر بھرپور توجہ دیں گے۔ پلوں اور سڑکوں کی مرمت و تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور جاری رہے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جس کسی شخص پر کرپشن کا الزام ثابت ہو اسے سزا ملنی چاہئے خواہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، بلدیاتی اداروں میں کسی ایسے افسر یا ملازم کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو کرپشن میں ملوث ہو اور نہ ہی اس کو پوسٹنگ دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ جو بھی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے ان کے افسروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی بھی موجود تھے جبکہ وزیر بلدیات نے 16 بسوں کو سڑکوں پر لانے کا افتتاح کیا جو سرجانی تا ٹاور روٹ پر چلیں گی اور جن کا یک طرفہ کرایہ 20 روپے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :