راولپنڈی ،ہارٹ اٹیک کے مریض کی جان بچانے کے لیئے دل اور سانس کی بحالی کے عمل کی تربیتی ورکشاپ

جمعرات 27 اگست 2015 22:54

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں ہارٹ اٹیک کے مریض کی جان بچانے کے لیئے (CPR ) دل اور سانس کی بحالی کے عمل کی تربیتی ورکشاپ میں بڑی تعداد میں ڈاکٹروں, میڈیکل سٹاف, نرسنگ و پیرا میڈیکل سٹاف اور ہسپتال کے عملے نے شرکت کی ․ پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج پروفیسر محمد عمر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ․ ورکشاپ کا انعقاد دواساز ادارے ویرک فارما سیوٹیکل کے تعاون سے کیا گیا ․ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بینظیر بھٹو ہسپتال ڈاکٹر آصف قادر میر, اے ایم ایس ڈاکٹر مسعودصفدر, ڈاکٹرفوزیہ , ڈاکٹر قمر حسین , ڈاکٹر تنزیل الرحمن , نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مسز ممتاز , جی ایم مارکیٹنگ ویرک اعجاز شاکر , کنٹری منیجر محمد اقبال , زونل منیجر زبیر مسعود جنجوعہ , محمد رضوان شفیع, ارسلان خالد بھی موجود تھے ․ پروفیسر محمد عمر نے کہا کہ سی پی آر کے عمل کے بارے میں عوامی آگاہی سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں․ انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر دل کے امراض سے بچاؤ اور ہارٹ اٹیک کی صورت میں دل اور سانس کی بحالی کے عمل کے بارے میں عوامی آگاہی انتہائی ضروری ہے اور اس تربیت کو عام کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد دی جا سکے․ کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ بینظیر بھٹو ہسپتال ڈاکٹر مہدی حسن راجہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہا کہ ہارٹ اٹیک کی صورت میں صرف دو ہاتھوں سے مریض کی جان بچائی جا سکتی ہے․ اگر مریض کو ہارٹ اٹیک ہو تو دو ہاتھوں سے سینے کو دبانے اور منہ کے ذریعے مصنوعی سانس مریض کے سینے میں منتقل کرنے سے سانس کی بحالی ممکن ہو سکتی ہے․ اور اس سے مریض کو ہسپتال تک پہنچانے سے قبل ضرری امداد حاصل ہو سکتی ہے․ انہوں نے کہا کہ پیدائش سے موت تک دل کی دھڑکن جاری رہتی ہے اور دل کا دھڑکنا ہی زندگی کی علامت ہے ․ ڈاکٹر راجہ مہدی حسن نے کہا کہ ہارٹ اٹیک کی صورت میں گھبرانے کے بجا ئے حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے سے مریض کی جان بچ سکتی ہے․ انہو ں نے ویرک فارماسیوٹیکل کے تعاون کا شکریہ ادا کیا جن کی معاونت سے عوامی آگاہی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔