بڑی گاڑیوں میں اسلحے کی نمائش کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے، شرجیل میمن

جمعرات 2 مئی 2024 15:16

بڑی گاڑیوں میں اسلحے کی نمائش کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جو لوگ بڑی بڑی گاڑیوں میں اسلحے کی نمائش کرتے ہیں، ان کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہتھیاروں کی نمائش کی گئی تو سخت سے سخت کارروائی ہوگی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اسکولوں میں منشیات فروش کرنے والوں کے حوالے سے قانون سازی کی جائیگی، وفاقی اور صوبائی حکومت نے منشیات کے خلاف کریک ڈان کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ منشیات فروشوں کے برے دن شروع ہو گئے ہیں، باز نہیں آئے تو ان کا حشربرا ہونے والا ہے، غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، جہاں تحفظ لیتے ہیں، ان جگہوں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی پولیس افسر پر حملے کا ایک ملزم ایک مدرسے کا معلم تھا، اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، اس طرح کے حملے میں معلم کا ملوث ہونا تشویش کی بات ہے۔

انہوںنے کہاکہ صدر آصف علی زرداری نے واضح ہدایات دی ہیں کہ ڈاکوئوں کا کوئی بھی سہولت کار ہو، اس سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی مجرموں کی سرپرستی کرے گا، اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، اسٹریٹ کرائم پر پولیس اور رینجرز کارروائیاں کر رہے ہیں، پولیس نیک نیتی کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے ہدایات کے مطابق محنت کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف قومی پالیسی کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔