پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے رہنماؤں کا ممتازقانون دان بیرسٹر عبدالحفیظ پیرزادہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار

بدھ 2 ستمبر 2015 21:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سید نجمی عالم جنرل سیکریٹری ندیم بھٹو ، سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر سعید غنی اور اراکین میڈیا سیل سندھ حبیب الدین جنیدی، لطیف مغل، ذوالفقار قائم خانی اور منظور عباس نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے قریبی ساتھی سابق وفاقی وزیر قانون اور ملک کے ممتازقانون دان بیرسٹر عبدالحفیظ پیرزادہ کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم اور دکھ کااظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عبدالحفیظ پیرزادہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 1973ء کا متفقہ دستور مرتب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ان کی وفات سے ملک ایک مدبر دانشور اور ماہر قانون سے محروم ہوگیا ہے ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی بھی پر نہیں ہوسکے گا۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل دے۔