Live Updates

کراچی، انٹرمیڈیٹ سال دوم کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2015ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے، محمد عمران خان چشتی

جمعرات 10 ستمبر 2015 22:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے انٹرمیڈیٹ سال دوم کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2015ء کے نتائج کا اعلان بھی اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے دی گئی تاریخ سے ایک ماہ قبل کردیا ہے، سابقہ نتائج کی طرح ان نتائج میں بھی لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت برقرار رکھی۔

لڑکیوں نے کامرس ریگولر کی پہلی تینوں پوزیشنیں جبکہ کامرس پرائیویٹ کی پہلی اور تیسری پوزیشن حاصل کی، اس طرح کامرس گروپ میں صرف ایک لڑکا پوزیشن حاصل کرسکا۔ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے بتایا کہ کامرس ریگولر کے نتائج کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایجوکیشن کی اقراء حنیف بنت محمد حنیف رول نمبر 732292 نے کل نمبر 1100 میں سے 930نمبر 84.55فیصد حاصل کر کے پہلی پوزیشن کی حقدار قرار پائیں جبکہ کے ایم اے گرلز ڈگری کالج کی عائشہ بنت عبدالخالق رول نمبر 730846 نے 926نمبرز 84.18 فیصد کے ساتھ دوسری جبکہ انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایجوکیشن کی ماہا لاکھانی بنت عبدالرشید لاکھانی رول نمبر 732294 نے 924 نمبرز 84 فیصد کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

ناظم امتحانات نے مزید بتایا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ میں پہلی پوزیشن ثانیہ خان بنت شاہد خان رول نمبر 242872 نے کل نمبر 1100 میں سے 843 نمبرز 76.64 فیصد حاصل کر کے حاصل کی ،میثم حیدر علی ولد ارشاد علی رول نمبر 221989 نے 827 نمبرز 75.18 فیصد حاصل کر کے دوسری پوزیشن جبکہ رومانہ عزیز بنت عزیز اﷲ رول نمبر 233295 نے 820 نمبرز 74.55 فیصد کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ناظم امتحانات نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس ریگولر گروپ میں 39316امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 38784 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 15532امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 40.5 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 45 امیدوار اے ون گریڈ ، 899 اے گریڈ، 2875 بی گریڈ، 5486 سی گریڈ، 5748 ڈی گریڈ جبکہ 479امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ میں 8169 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کر کے 7712امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 1829امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 23.72فیصد رہا۔ کامرس پرائیویٹ کے امتحانات میں کوئی بھی امیدوار اے ون گریڈ حاصل نہیں کرسکا جبکہ 11امیدوار اے گریڈ، 173بی گریڈ، 536 سی گریڈ، 1012 ڈی گریڈ اور 97امیدواروں نے ای گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :