وزیراعظم محمد نواز شریف نے بل گیٹس کے ساتھ ملاقات سے نیویارک میں اپنے دورے کی مصروفیات کا آغاز کیا

پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے پرائم منسٹر ٹاسک فورس کے قیام اور نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان سمیت اس سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات سے بل گیٹس کو آگاہ کیا بل گیٹس نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک میں پولیو پر قابو پانے کیلئے پاکستان میں کئے گئے شاندار کام کو سراہا

اتوار 27 ستمبر 2015 17:34

وزیراعظم محمد نواز شریف نے بل گیٹس کے ساتھ ملاقات سے نیویارک میں اپنے ..

اسلام آباد ۔(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہفتہ کو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس کے ساتھ ملاقات سے نیویارک میں اپنے دورے کی مصروفیات کا آغاز کیا۔بل گیٹس جنہوں نے وزیراعظم سے والڈوف استوریا ہوٹل جہاں وزیراعظم ٹھہرے ہوئے ہیں میں ملاقات کی جس میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے پاکستان میں چلنے والے صحت کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم جمعہ کو پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70ویں سالگرہ اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچے۔ پاکستان مشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بل گیٹس نے ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کو بتایا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا پاکستان کی مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں پرائم منسٹر ٹاسک فورس کے قیام اور پولیو کے خاتمہ کیلئے نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان سمیت اس سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات سے بل گیٹس کو آگاہ کیا۔اس پلان کا مقصد پاکستان کو مئی 2016ء میں آئندہ پولیو ٹرانسمشن سیزن تک پولیو سے پاک کرنا ہے۔ بل گیٹس نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک میں پولیو پر قابو پانے کیلئے پاکستان میں کئے گئے شاندار کام کو سراہا۔

انہوں نے خاص طور پر ایمرجنسی آپریشن سنٹر کو سراہا جن کے قیام نے تمام متعلقہ کرداروں کو ایک جگہ لانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال پولیو کے کیسوں کی تعداد صفر تک لانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی اس عمل میں ذاتی دلچسپی انتہائی حوصلہ افزاء ہے۔وزیراعظم نے ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے بل گیٹس کے فراخدلانہ کردار کو سراہا۔

بل گیٹس نے پولیو کے کنٹرول کیلئے پاکستانی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے بہترین پیشرفت کو سراہا۔ انہوں نے قبائلی علاقوں میں پولیو کے خلاف مہم میں فوج کے اہم کردار پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کو بھی سراہا۔ ملاقات میں اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ بورڈ نے بھی حکومت کی طرف سے نمایاں کامیابی بالخصوص قبالی علاقوں، خیبرپختونخوا کے بعض حصوں، بلوچستان اور کراچی میں رہ جانے والے بچوں تک رسائی کو سراہا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ وہ ذاتی طور پر پاکستان میں پولیو کے خلاف مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پولیو کے 306 کیسز کے مقابلے میں اس سال صرف 32 کیس سامنے آئے۔ گیٹس فاؤنڈیشن حکومت کے پولیو کے خاتمہ کیلئے عالمی ادارہ صحت، روٹری انٹرنیشنل اور متحدہ عرب امارات کی حکومت سمیت دوسرے امداد دینے والے پارٹنرز میں شامل ایک اہم شراکت دار ہے۔گیٹس فاؤنڈیشن نے گزشتہ عشرے کے دوران پولیو کے خلاف عالمی پروگرام کیلئے ایک ارب امریکی ڈالر سے زیادہ کی امداد دی ہے جس میں پاکستان نے پولیو کے خاتمہ کے پروگرام کیلئے دی گئی 85 ملین امریکی ڈالر سے زائد کی امداد بھی شامل ہے۔