افغان صدر کی طرف سے شہریوں کے سر قلم کرنے کی مذمت

ظالمانہ فعل کو افغانستان کے عوام کے دشمنوں کی مایوسی اور شکست کی علامت سمجھتا ہوں ٗ اشرف غنی

پیر 9 نومبر 2015 21:50

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) افغان صدر اشرف غنی نے ملک کے جنوبی حصے میں داعش کے ہاتھوں کچھ شہریوں کے سر قلم کرنے کی مذمت کی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق زابل صوبے کی مقامی پولیس نے کہا تھا کہ داعش نے خاکِ افغان ضلعے میں تین عورتوں سمیت سات افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا ۔

(جاری ہے)

صدر غنی نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ وہ ’’شہریوں کی ہلاکت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، خصوصا عورتوں اور ایک بچے کی، اور اس ظالمانہ فعل کو افغانستان کے عوام کے دشمنوں کی مایوسی اور شکست کی علامت سمجھتے ہیں۔

‘‘افغان حکام نے کہا کہ داعش کے شدت پسندوں نے شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے ان افراد کو غزنی صوبے سے ایک ماہ سے زائد عرصہ قبل اغوا کر لیا تھا۔صدر نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ایک ’’غیر معمولی سکیورٹی اجلاس بلائیں گے جس میں اس ظالمانہ فعل کے مجرموں کو تلاش کرنے اور انہیں سزا دینے کی حکمت عمل پر غور کیا جائے گا۔‘‘

متعلقہ عنوان :