بھارت اور سری لنکا میں بارشوں سے ہلاکتیں 70 ہوگئیں‘ہزاروں بے گھر ‘املاک کو شدید نقصان پہنچا

منگل 17 نومبر 2015 16:39

چنئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 نومبر۔2015ء) بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو اور پڑوسی ملک سری لنکا میں میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے اب تک 70 سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس سے قبل بھارت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق تامل ناڈو حکومت نے جمعہ کو جاری ایک سرکاری بیان میں 55 لوگوں کی موت کی تصدیق کی تھی۔

ادھر سری لنکا کے شمالی علاقوں میں بارش سے تقریباً 60 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق ریاست کی وزیراعلیٰ جے للیتھا نے پانچ ارب روپے امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ این ڈی آر ایف کی 200 افراد پر مشتمل پانچ ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ریاست کے 600 علاقے ابھی بھی پوری طرح پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور ہنگامی صورت حال ہے اور بھارتی فضائیہ نے بھی امدادی کاموں میں شرکت کی ہے۔ ادھر کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے ریاست میں بارش اور سیلاب سے پیدا صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور مرکز سے ریاست کی تمام ممکنہ مدد کی اپیل کی ہے۔ تامل ناڈو کے دارالحکومت چینئی میں پیر کو ریکارڈ بارش ہوئی جو کہ گزشتہ 10 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔ زیادہ تر علاقوں میں پانی بھر گیا ہے جس سے معمول کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے

متعلقہ عنوان :