امریکہ پاکستان میں معاشی ترقی کوفروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے زرعی شعبہ کی دیرپا ترقی کا خواہش مند ہے، زیکری ہرکن رائیڈر

امریکہ پاکستان کی زرعی و معاشی ترقی میں حصہ دار بن کر بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے غذائی استحکام کو یقینی بنانے کا آرزومند ہے،امریکی قونصل جنرل

منگل 8 دسمبر 2015 23:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 دسمبر۔2015ء) امریکی قونصل جنرل زیکری ہرکن رائیڈر نے سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز کو پاکستان میں فارم میکانائزیشن‘ کلائمیٹ چینج اور بائیو ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تحقیقات کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں معاشی ترقی کوفروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے زرعی شعبہ کی دیرپا ترقی کا خواہش مند ہے۔

ہر چندزرعی شعبہ پاکستان میں 40فیصد سے زائد لیبر فورس اور جی ڈی پی میں 21فیصد کا حصہ دار ہے تاہم گزشتہ چند برسوں کے دوران سیلابوں اور زلزلوں سے اس کی پیداوار اور ترقی جمود کا شکار ہے جسے اس شعبہ میں مزید سرمایہ کاری اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ 50کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیاجانیوالا سیکرٹریٹ اپلائیڈ ریسرچ میں غیرمعمولی پیش رفت کی بنیاد پر اکیڈیمیا‘ انڈسٹری اور حکومتی اداروں میں موجود خلیج کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سنٹر سے پہلے فیز میں ریسرچ گرانٹ حاصل کرنیوالے 20سائنس دان جلد ہی یونیورسٹی آف کیلی فورنیاکی شراکت سے اپنے کام کا آغاز کر دینگے آن لائن کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی طرف سے قائم کئے گئے ادارہ اعلیٰ تعلیم برائے خوراک و زراعت کے مرکزی سیکرٹریٹ کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔

لاہور میں امریکی قونصل جنرل زیکری ہرکن رائیڈر نے صوبائی وزیرقانون و پارلیمانی اُمور رانا ثناء اﷲ خاں ‘وزیرزراعت و پروچانسلرجامعہ زرعیہ ڈاکٹر فرخ جاوید اور وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں کے ہمراہ تختی کی نقاب کشائی کی۔ مریکی قونصل جنرل زیکری ہرکن رائیڈر نے سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز کوطویل المدت پارٹنرشپ کا روشن باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ 30ملین ڈالر کے اس منصوبے سے آئندہ پانچ برسوں میں پالیسی سازوں اور محققین کو بہترین ریسرچ کے نتیجہ میں قابل عمل پالیسی ترتیب دینے میں مدد ملے گی جس سے پاکستانی معیشت کے اہم ترین زرعی شعبہ کی ترقی کومضبوط بنیاد فراہم ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ پاکستان کی زرعی و معاشی ترقی میں حصہ دار بن کر بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے غذائی استحکام کو یقینی بنانے کا آرزومند ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی کالج سے یونیورسٹی بننے کے دوران بھی امریکہ کی واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی پل مین نے مضبوط و دیرپا پارٹنرشپ کے ذریعے زرعی یونیورسٹی کے درجنوں اساتذہ کوتربیت فراہم کی تھی جسے آج یو ایس ایڈ کے زیرسایہ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا ڈیوس کے ذریعے نئی بلندیوں سے ہمکنار کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں امریکی تعاون سے 1700میگا واٹ بجلی پاکستان کے نیشنل گریڈ کا حصہ بنائی گئی ہے جبکہ 7ہزار سے زائد کالج اور یونیورسٹی اساتذہ کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ کیا گیا۔۔ زیکری ہرکن رائیڈرنے سنٹر کے ذریعے امریکی پارٹنرشپ کو مستقبل کیلئے مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے پاکستان کی نئی نسلوں کو زرعی شعبہ میں آگے بڑھتا ہوا پاکستان دینے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :