عوام مہنگائی،بے روزگاری ،سڑیٹ کرائم اور کرپشن کے ظلم کا شکار ہیں،حکمرانی کسی بھی پارٹی کی ہو لیکن عوام کو سہولتیں مہیا کرنا بنیادی ذمہ داری ہے

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی میڈیا سے گفتگو

پیر 21 دسمبر 2015 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہورمیں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما مشتاق بٹ کی بیٹی کی شادی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی،بے روزگاری ،سڑیٹ کرائم اور کرپشن کے ظلم کا شکار ہیں۔پوری دنیا میں جمہوری نظام اور منتخب حکومتوں کی کامیابی کا پیمانہ یہ ہے کہ اولین ذمہ داری پوری کرتے ہوئے عوام کو روٹی، روزی ،کپڑا،شیلٹراور جان ومال کا تحفظ مہیا کرے او ر ریاست کو فلاحی ملک بنا یا جائے۔

حکمرانی کسی بھی پارٹی کی ہو لیکن عوام کو سہولتیں مہیا کرنا بنیادی ذمہ داری ہے۔حکومت ترقی کے دعوے کر رہی ہے بعض نمائشی ترقیاتی کام بھی ہیں لیکن اس کے ثمرات عوام کی جانب منتقل نہیں ہورہے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ گیس،بجلی کے بحران کی وجہ سے عوام کی زندگی سخت سردی میں اجیرن ہوگئی ہے۔گیس پائپ لائن کی تعمیر کے نام پر 38فیصد گیس مہنگی کرنا عوام پر انتہائی ظلم ہے۔

54ارب کے ٹیکس پہلے ہی مسلط کردیے گئے ہیں۔حکومت کا دعویٰ تھا کہ اس کے پاس مسائل حل کرنے لیے بہترین ٹیم ہے لیکن یہ ٹیم ناکارہ اور منتشر ٹیم ہے۔ ریاستی طاقت سے انتخاب تو جیتے جا رہے ہیں حکمرانوں کو 2018ء میں آٹے دال کابھاؤ معلوم ہوگا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، کرپشن اور ریاستی وسائل پر عیاشی چھوڑیں،سرد ترین موسم میں عوام کو گیس ،بجلی اور امن مہیا کریں۔