بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے ، وزارت کے نقصانات کم ہونے سے 10ارب کا فائدہ ہوا ہے، دیامر بھاشا ڈیم کیلئے آئندہ ماہ 100فیصد زمین حاصل کر لی جائے گی،جنوری میں ہی اس پر کام شروع ہو گا،7000میگا واٹ کے توانائی منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے،8270منصوبوں سے 17045میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی، ان میں ایل این جی سے 3600 میگاواٹ اور کاسا 1000منصوبے کا معاہدہ شامل ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو 100 ارب سے زائد کا ریلیف دیا گیا ہے

وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگا کی تربیلا غازی میں ٹی4 منصوبے پر میڈیا کو بریفنگ

منگل 22 دسمبر 2015 22:36

تربیلا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 دسمبر۔2015ء) وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگانے کہا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے، لوڈشیڈنگ کا شیڈول متعین کیا گیا ہے، 2014ء میں پانی و بجلی کی وزارت کے نقصانات 19فیصد تھے اب 18فیصد ہو گئے ہیں، جس سے 10ارب کا فائدہ ہوا ہے، دیامر بھاشا ڈیم کیلئے جنوری میں 100فیصد زمین حاصل کر لی جائے گی،جنوری میں ہی کام شروع ہو گا،7000میگا واٹ کے توانائی منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے،8270منصوبوں سے 17045میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی،ایل این جی سے 3600میگاواٹ اور کاسا 1000منصوبے کا معاہدہ بھی شامل ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے عوام کو 100 ارب سے زائد کا ریلیف دیا گیا ہے۔

وہ منگل کو تربیلا غازی میں ٹی4 منصوبے پر میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری پانی و بجلی نے کہا کہ جن ڈسکوز میں بورڈ آف ڈائریکٹرز صحیح کام نہیں کر رہے تھے وہاں کے چیئرمین بھی تبدیل کئے گئے ہیں۔ تربیلا غازی میں ٹی 4منصوبے سے 1410میگاواٹ بجلی 2017 کے آخر میں قومی گرڈ میں شامل ہو جائے گی اور یہ بجلی انتہائی سستی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس توانائی منصوبے پر 24گھنٹے کام جاری ہے، حکومت کی جانب سے 2018 میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے اعلان پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم توانائی منصوبے میں تاخیر وہاں کے موسمی حالات ہیں، پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ ہے، آئیسکو میں بھرتیوں کے حوالے سے انکوائری کا حکم دیا گیا ہے