سعودی عرب اور ایران مابین کشیدگی ختم کرنے کیلئے پاکستان کوثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے ، یہ کشیدگی مشرق وسطیٰ سمیت ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی افسوس ناک ہے، شیعہ سنی منافرت کی آگ کو پاکستان میں داخل ہونے سے روکنا چاہیے ، حکومت اپنی پالیسی واضح کرے، پاکستان کو غیر جانبدار رہنا چاہیے ، پاکستان کو دونوں ممالک میں اپنے پارلیمانی وفود بھیجنے چاہیے

مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا سعودی ایران کشیدگی اور پاکستان کے ممکنہ کردار پر ردعمل کا اظہار

بدھ 6 جنوری 2016 20:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء ) مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لئے ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے اور غیر جانبدار رہتے ہوئے مصالحت کرانی چاہیے ، سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی مشرق وسطیٰ سمیت ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی افسوس ناک ہے۔

پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربرار شیخ رشید نے کہا ہے کہ پوری قوم کی خواہش ہے کہ پاکستان کو دونوں ممالک کے درمیان صلح کرانی چاہیے اور شیعہ سنی منافرت کی آگ کو پاکستان میں داخل ہونے سے روکنا چاہیے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت اپنی پالیسی کلیئر کرے اور معاملہ کو سلجھائے۔

(جاری ہے)

حاجی عدیل نے کہا کہ پاکستان کو غیر جانبدار رہنا چاہیے ورنہ فرقہ وارانہ جنگ شروع ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کہیں تو پاکستان کو مصالحانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ پاکستان کو دونوں ممالک سے رابطہ کرنا چاہیے اور پارلیمانی وفود بھیجنے چاہیے تاکہ معاملہ مزید بگڑنے سے بچایا جا سکے۔ مسلمہ امہ کو تقسیم کرنے کے لئے سازشیں ہو رہی ہیں۔ عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کو غیر جانبدار رہنا چاہیے پاکستان میں شیعہ سنی یکجہتی کو ختم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

اکرم درانی نے کہا کہ پاکستان کے دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہیں ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ جو بھی فیصلہ ہو گا یمن کے فیصلہ کی طرح پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔یہ باتیں انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہا?س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیان کیں۔ پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ یہ بڑی بد قسمتی کی بات ہے کہ حکومت سعودی عرب اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو سنجیدہ نہیں لے رہی اور ابھی تک اپنی پوزیشن کلیئر نہیں کی انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ثالثی کاکردار ادا کرنا چاہیے اور پاکستان ثالث کا کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما ممبر قومی اسمبلی رانا محمد حیات نے کہا ہے کہ پاکستان کا کردار دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مصالحت کا کردار ادا کرنا چاہیے بشرطیکہ دونوں ممالک سے واپسی پر اس حوالے سے اقدامات اٹھائیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی عدیل نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان مسئلہ پر غیرجانبدار رہنا چاہیے اور ایک فعال کردار ادا کرنا چاہیے ورنہ پاکستان میں فرقہ وارانہ جنگ شروع ہو سکتی ہے۔

پاکستان کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مسلم ممالک کے درمیان کشیدگی افسوس ناک ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایران اور سعودی عرب دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اگر دونوں ملک کہیں تو پاکستان کو مصالحانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔پاکستان مسلم لیگ (ضیاء ) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور ایران ایک پڑوسی ملک ہے اور سعودی عرب سے بھی دیرینہ تعلقات ہیں اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دونوں ممالک کے ساتھ رابطہ کرنا چاہیے اور پارلیمانی وفود بھیجنے چاہیں تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید بگڑنے سے بچائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی فعال نہیں ہے اور مسلم دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے اگر پاکستان کوئی کردار ادا کرے۔ مسلم امہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ سارے مشرق وسطیٰ میں شیعہ سنی منافرت پیدا کی گئی ہے اور پاکستان میں شیعہ سنی یک جہتی کو بھی توڑنے کی کوششیں ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے معاملہ پر پاکستان کو غیر جانبدار کردار ادا کرنا چاہیے اور مصالحت کرانی چاہیے۔

پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کو ایران اور سعودی عرب کے درمیان صلح صفائی کا کردار ادا کرنا چاہیے اور یہی قوم کی خواہش ہے۔ شیعہ سنی منافرت کی آگ کو پاکستان کے اندر آنے سے روکنا چاہیے اور غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما روبینہ خالد نے کہا کہ پاکستان کو غیر جانبدار اور ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر قابو نہ پایا گیا تو پورے مشرق وسطیٰ میں پھیل سکتی ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما سینیٹر نسرین جلیل نے کہا کہ پاکستان کو کشیدگی کم کرانے کے لئے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ شیعہ سنی فسادات پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہتر پوزیشن میں ہے کہ دونوں ممالک کو سمجھا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ مسئلہ پر قابو نہ پایا گیا تو خطرہ ہے کہ تیسری جنگ عظیم نہ چھڑ جائے۔ جمعیت علماء اسلام ( ف) کے رہنما اکرم درانی نے کہا کہ دونوں اسلامی ممالک کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی مشرق وسطیٰ سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔