اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے گیارہویں و بارہویں اور باہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے کیلئے فارمز جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا

منگل 12 جنوری 2016 19:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت اور گیارہویں و بارہویں جماعت باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2016ء کے تمام گروپس کیلئے امتحانی فارمز جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس، میڈیکل ٹیکنالوجی، ہوم اکنامکس اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات برائے 2016ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل ریگولر امیدوار اپنے امتحانی فارمز بروز بدھ 13جنوری 2016ء سے بروز بدھ 27 جنوری 2016ء تک اپنے متعلقہ کالجوں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم ضروری تصدیق کے بعد انہی تاریخوں میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں واقع بینک برانچ سمیت یو بی ایل کی شہر کے مختلف علاقوں میں واقع آٹھ برانچوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کالجوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ریگولر امیدواروں کے امتحانی فارمز اور فیسوں کے پے آرڈرز بروز پیر یکم فروری 2016ء اور بروز منگل 2 فروری 2016ء کو انٹربورڈ میں جمع کروادیں۔ جو امیدوار مقررہ تاریخ تک اپنے امتحانی فارمز جمع نہیں کرواسکیں وہ 28 جنوری سے 8 فروری تک 200روپے لیٹ فیس کے ساتھ، 9 فروری سے 17 فروری تک 500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ، 18 فروری سے 25 فروری 2016ء تک ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ اپنے امتحانی فارمز جمع کرواسکتے ہیں۔

پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم بورڈ میں واقع حبیب بینک کی برانچ کے علاوہ یو بی ایل کی جن آٹھ برانچوں میں جمع کرواسکتے ہیں ان میں ملیرسٹی مین نیشنل ہائی وے برانچ، آرسی ڈی ہائی وے اورنگی برانچ ایل ایس بی کمرشل سیکٹر 3، سیکٹر الیون ایچ نارتھ کراچی برانچ، یو بی ایل بلڈنگ نارتھ ناظم آباد برانچ، حسین ڈی سلوا برانچ بلاک اے نارتھ ناظم آباد، یو بی ایل بلڈنگ آئی آئی چندریگر روڈ برانچ، شہید ملت روڈ شاہراہ فیصل جنکشن برانچ اور نیو ٹینری مارکیٹ برانچ سیکٹر سیون اے کورنگی انڈسٹریل ایریا برانچ شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :