ملک دشمن عناصر اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے پر پاکستان کو معاشی طور پر مفلوج بنانا چاہتے ہیں ،شیخ منظرعالم

دہشت گردوں نے چارسدہ میں ملک کے معماروں کو نشانہ بنا کر اپنے عزائم واضح کردیئے ہیں،سابق چیئرمین کاٹی

جمعہ 22 جنوری 2016 18:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے سابق چیئرمین اور معروف صنعت کار شیخ منظر عالم نے چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے پر پاکستان کو معاشی طور پر مفلوج بنانا چاہتے ہیں ۔

دشمن اس طرح کے حملے کرکے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے غیر محفوظ ملک ہے ۔دہشت گردی کے عفریت کے خلاف پوری قوم یکجا ہے ۔چارسدہ میں مستقبل کے معماروں کو نشانہ بنانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔سیاسی و عسکری قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد کے لیے یکسو ہوجائے ۔

(جاری ہے)

اس پلان پر عملدرآمد پر ذرا سی بھی سستی ہمیں صدیوں پیچھے دھکیل سکتی ہے ۔

جمعہ کو جاری اپنے ایک بیان میں شیخ منظر عالم نے کہا کہ طلباء کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں ۔تعلیمی اداروں پر حملے علم دشمنی ہے۔ تعلیم کو قتل کرنے والے خود بے نام ونشان ہو جائیں گے ،غیر اسلامی فسطائیت پر مبنی کاروائیاں کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے ،شہدائے باچاخان یونیورسٹی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔

دہشت گردوں نے چارسدہ میں ملک کے معماروں کو نشانہ بنا کر اپنے عزائم واضح کردیئے ہیں ۔دشمن چاہتا ہے کہ ملک کو معاشی طور پر مفلوج کردیا جائے اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آنے سے گریز کریں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف ہونے والی ان سازشوں کے خلاف ملک کی عسکری و سیاسی قیادت سمیت پوری قوم کو متحد اور دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس طرح کے واقعات سے ملک کا منفی تاثر پوری دنیا میں جاتا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کار ی کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہوجاتے ہیں ۔اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے کو ملک کی معیشت کو کھوکھلا کرنے والے ان عناصر کے خلاف اب فیصلہ کن کارروائی کا وقت آگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد مرتب کیے گئے قومی ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد نہیں کیا گیا جس کے باعث اس قسم کے واقعات رونما ہورہے ہیں ۔

وقت کی ضرورت ہے کہ ملک کو محفوظ بنانے کے لیے بنائے گئے اس قومی ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے اور اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی ایکشن پلان کو سیاست کی نظر نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کبھی پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم نہیں کیا ہے ۔چارسدہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کے بھارت سے روابط کے شواہد مل چکے ہیں ۔

حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ عالمی فورمز کو بھارت کی اس دہشت گردی سے آگاہ کرے اور دنیا کو باور کرایا جائے کہ دنیا کو دہشت گردی سے پاک کرنے اور پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ بھارت کو اس قسم واقعات میں ملوث دہشت گردوں کی حمایت سے روکا جائے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے بزنس کمیونٹی کشمکش کا شکار ہے ۔نیشنل ایکشن میں اصلاحات کی ضرورت ہے اور اس میں تاجروں کی تجاویز بھی شامل کی جائیں ۔شیخ منظر عالم نے سانحہ چارسدہ میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم آپ کے ساتھ ہے اور ان شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :